مدھیہ پردیش: ہندستان کی تعمیر نومیں ملک کی سبھی زبانیں ادا کر رہی ہیں اپنا بہترین کردار
مدھیہ پردیش: ہندستان کی تعمیر نومیں ملک کی سبھی زبانیں ادا کر رہی ہیں اپنا بہترین کردار
بھارت بھون کی اکتالیسویں یوم تاسیس کے موقعہ پر ہندستانی زبانوں کی شاعری کا انعقاد کیاگیا۔ بھارت میں منعقدہ ہندستانی زبانوں کے مشاعرہ میں سنسکرت،اردو،ہندی، مراٹھی،گجراتی سمیت سات زبانوں کے شعرا نے شرکت کی اور اپنی اپنی زبانوں میں بہترین شاعری پیش کرکے سامعین کو محطوظ کیا۔
بھوپال : بھارت بھون کی اکتالیسویں یوم تاسیس کے موقعہ پر ہندستانی زبانوں کی شاعری کا انعقاد کیاگیا۔ بھارت میں منعقدہ ہندستانی زبانوں کے مشاعرہ میں سنسکرت،اردو،ہندی، مراٹھی،گجراتی سمیت سات زبانوں کے شعرا نے شرکت کی اور اپنی اپنی زبانوں میں بہترین شاعری پیش کرکے سامعین کو محطوظ کیا۔ہندستانی زبانوں کے مشاعرہ کی صدارت کے فرائض ہندی کے ممتاز ادیب لیلادھر جگوڑی نے ادا کئے۔مشاعرہ کا آغاز سنسکرت شاعری سے ہوا اس کے بعد دوسری زبانوں کے شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔ اردو زبان سے نمائندگی کے لئے ممتاز اردو شاعر و ادیب چندر بھان خیال نے بہترین انداز میں نمائندگی کی ۔چندر بھان خیال نے اپنی نظم کھجوراہو پیش کرکے سامعین کا دل جیت لیا۔ اس موقعہ پر مختلف زبانوں کے شعرا نے بھارت بھون کے ذریعہ مختلف ہندستانی زبانوں کے شعرا کو ایک اسٹیج پر کلام پیش کرنے کو جہاں وقت کی ضرورت سے تعبیر کیا وہیں انہوں نے ہندستان کی مختلف زبانوں میں لکھے جارہے ادب کو ترجمہ کے ذریعہ دوسری زبانوں میں منتقل کرنے پر بھی زور دیا۔
پروگرام کی صدر لیلا دھر جگوڑی نے نیوز 18 اردو سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت زبانوں کو فروغ دینے کے ساتھ اس کے سائنسی نقطہ نظر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا دیوناگری زبان میں وشوگری بننے کی سبھی خوبیاں موجود ہیں۔اسی کے ساتھ ملک کی مختلف زبانوں میں جو بہترین ادبی سرمایہ تخلیق کیا جارہا ہے اسے ترجمہ کے ذریعہ ایک دوسرے تک پہنچانے کی بھی ضرورت ہے۔ انگریزی زبان کی لغت میں ہر سال نئے لفاظ شامل کئے جاتے ہیں لیکن ہم لوگ ایسا نہیں کررہے ہیں ۔ہمیں اپنی لغت کو رچ کرنے کے لئے اس جانب کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وہیں اردو کے ممتاز ادیب ،شاعر و صحافی چندر بھان خیال نے نیوز18 اردو سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اردو نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بنیاد کا کردار اداکیا ہے۔ تحریک آزادی میں بھی اس زبان کا کلیدی کردار ہے۔ آج بھی اردو زبان میں عصری موضوعات پر بہترین ادب تخلیق کیا جارہا ہے ۔جب یہ ادب دوسری زبانوں میں منتقل ہوگا تو دوسری زبانوں کے ادیب بھی اردو کی وسعت اور ہم آہنگی سے واقف ہونگے۔
وہیں گجرات سے پروگرام میں شرکت کرنے آئے سنسکرت کے عالم ہرش دیو مادھو نے سنسکرت زبان میں کلام پیش کرکے سامعین کو خوب محظوظ کیا۔ واضح رہے کہ ہرش دیو مادیو کی سنسکرت،گجراتی اور دوسری زبانوں میں ابتک 180 کتابیں زیور طبع سے آراستہ ہوکر منطر عام پر آچکی ہیں۔ ہرش مادھو نے نیوز 18 اردو سے خاص بات چیت میں کہا کہ کثرت میں وحدت ہندستان کے خمیر کا حصہ ہے۔ بھارت بھون کی یوم تاسیس پر مختلف زبانوں کے شاعروں کے ایک ساتھ کلام پیش کرنے کا موقعہ فراہم کرکے زبان کی لسانی آہنگی کو جس طرح پیش کیاگیا ہے وہ بہت اہم ہے اور اس کو آگے بھی جاری رہنا چاہیئے۔
جبکہ مراٹھی کوی پرفل شیلیدار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وشو گرو بننے کاخواب دیکھنا اچھی بات ہے لیکن ہمیں دوسرے کی اچھی بات بھی سیکھنے کی عادت ڈالنا چاہیئے۔ ہمیں کسی چیز پر غرور نہیں ہونا چاہئے اور جو لوگ غرور کرتے ہیں ان کا حشر سبھی کو معلوم ہے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔