Hajj 2022 : حج قرعہ میں نام آنے کے بعد 19 عازمین نے واپس لیا نام، جانئے کیوں
Hajj 2022 : حج قرعہ میں نام آنے کے بعد 19 عازمین نے واپس لیا نام، جانئے کیوں
Bhopal News: مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے انچارج سکریٹری یاسرعرفات کہتے ہیں کہ عازمین حج کو پہلی قسط جمع کرنے کے لئے پہلے چھ مئی تک کا وقت دیا گیا تھا جس میں حج کمیٹی کے ذریعہ چار دن کی توسیع کرتے ہوئے دس مئی تک عازمین حج کو پہلی قسط کے طور پر اکیاسی ہزار روپیہ جمع کرنے کا سرکلر جاری کیا گیا تھا۔ آج شام تک انیس عازمین حج نے مقدس سفر سے اپنا نام واپس لے لیا ہے ۔
بھوپال : مقدس سفر حج پر جانے کی ہر مومن کی خواہش ہوتی ہے ۔ بندہء مومن تو یہی چاہتا ہے کہ اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار پروردگار اسے اپنے گھر کی زیارت کا موقع نصیب فرما دے ۔ انہیں آرزو کے ساتھ عازمین حج مقدس سفر حج کے لئے فارم داخل کرتے ہیں اور جب حکومت کے انتظام کے تحت قرعہ اندازی میں ان کا نام آتا ہے تو ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہتا ہے ۔ حج 2022 کے لئے مدھیہ پردیش سے تین ہزار چار سو سترہ عازمین حج نے درخواست کی تھی اور مرکزی حج کمیٹی کے ذریعہ مدھیہ پردیش کو سترہ سو اسی عازمین حج کا کوٹہ الاٹ کیاگیا تھا ۔ مرکزی حج کمیٹی کے احکام پر مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعہ بھوپال شہر قاضی کی نگرانی میں چار مئی کو ایم پی کے عازمین حج کے لئے قرعہ کیا گیا اور جب عازمین حج کا قرعہ کے ذریعہ مقدس سفر کے لئے انتخاب کیا گیا تو انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار اپنی آنکھوں میں مسکراتے ہوئے آنسو سے کیا ۔ عازمین حج کے ذریعہ مقدس سفر کی تیاری بھی شروع کردی گئی ہے لیکن جب حج کمیٹی کے ذریعہ دس مئی تک سفر حج کی پہلی قسط جمع کرنے کا احکام جاری کیا گیا ، تو صوبہ بھر سے انیس عازمین حج نے مالی مشکلات کے سبب مقدس سفر سے اپنا نام واپس لے لیا ۔
مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے انچارج سکریٹری یاسرعرفات کہتے ہیں کہ عازمین حج کو پہلی قسط جمع کرنے کے لئے پہلے چھ مئی تک کا وقت دیا گیا تھا جس میں حج کمیٹی کے ذریعہ چار دن کی توسیع کرتے ہوئے دس مئی تک عازمین حج کو پہلی قسط کے طور پر اکیاسی ہزار روپیہ جمع کرنے کا سرکلر جاری کیا گیا تھا۔ آج شام تک انیس عازمین حج نے مقدس سفر سے اپنا نام واپس لے لیا ہے ۔ اب عازمین حج کی جگہ ویٹنگ میں جن عازمین کا نام ہے انہیں مقدس سفر پر جانے کا موقعہ ملے گا۔ ایم پی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعہ اس تعلق سے سینٹر حج کو باخبر کردیا گیا ہے ۔ ویٹنگ لسٹ کا کنفرمیشن آتے ہی عازمین حج کو اطلاع دیدی جائے گی ۔
وہیں سماجی کارکن محمد انصار انیس عازمین حج کے ذریعہ مقدس سفر سے نام واپسی کو افسوسناک قرار دیتے ہیں ۔ محمد اانصار کا کہنا ہے کہ دو سال بعد عازمین حج کو ہندوستان سے مقدس سفر پر جانے کی سوغات مل رہی تھی ۔ مقدس سفر کے لئے لوگ نہ جانے کب سے تیاری کرتے ہیں اور ایک ایک پائی کو جوڑ کر رکھتے ہیں ۔امسال حج کمیٹی کے ذریعہ عازمین حج کو تیاری کرنے کا بھی موقعہ نہیں دیاگیا ۔ مئی کے مہینے میں قرعہ اور اسی ماہ میں ہی سفر حج کے مصارف جمع کرنے کی پابندی ہے ۔ جہاں تک مجھے معلوم ہے کہ مئی کے آخری دنوں میں ہی سفر حج کی پرواز بھی شروع ہو جائے گی۔
وزیر برائے شہری ہوا بازی کا تعلق مدھیہ پردیش سے ہے ۔مدھیہ پردیش میں کئی جگہ سے پروازیں ہوتی ہیں ۔پہلے بھوپال اور اندور امبارکیشن پوائنٹ سے ایم پی کے عازمین حج مقدس سفر پر روانہ ہوتے تھے مگر امسال وہ سوغات بھی ختم کردی گئی ہے ۔ مرکزی حج کمیٹی کو چاہئے کہ وہ عازمین حج کے لئے آسانیاں فراہم کرے نہ کی مشکلات پیدا کرنے کا کام کرے۔ حج کمیٹی نے عازمین حج کو موقعہ دیا ہوتا تو آج ایم پی کے انیس عازمین حج جنہوں نے قرعہ میں نام آنے کے بعد اپنا نام واپس لیا ہے وہ کبھی ایسا قدم نہیں اٹھاتے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔