مدھیہ پردیش : تاریخی مقامات کے نام بدلنے پر مچا سیاسی گھمسان، مسلم تنظیموں کی عدالت جانے کی تیاری
مدھیہ پردیش : تاریخی مقامات کے نام بدلنے پر مچا سیاسی گھمسان، مسلم تنظیموں کی عدالت جانے کی تیاری
Madhya Pradesh News: مدھیہ پردیش میں مسلم بادشاہوں اور مسلم نوابوں کے ذریعہ تعمیر کئے گئے تاریخی مقامات کا نام حکومت کے ذریعہ ایک ایک کرکے بدلے جانے پر حکومت اور مسلم تنظیمیں آمنے سامنے آگئیں ہیں۔ اسلام نگر کے بعد برسر اقتدار جماعت کے ذریعہ جہاں حلالپور کا نام بدلنے کا مطالبہ شروع کردگیا ہے تو وہیں مسلم تنظیموں کے ذریعہ اس معاملے کو لیکر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھوپال : مدھیہ پردیش میں مسلم بادشاہوں اور مسلم نوابوں کے ذریعہ تعمیر کئے گئے تاریخی مقامات کا نام حکومت کے ذریعہ ایک ایک کرکے بدلے جانے پر حکومت اور مسلم تنظیمیں آمنے سامنے آگئیں ہیں۔ حبیب گنج ریلوے اسٹیشن، ہوشنگ آباد ، حلالپور کا نام بدلے جانے کے بعد اسلام نگر کا نام بھی حکومت کے ذریعہ بدلے جانے کے بعد جہاں برسر اقتدار جماعت کے ذریعہ جشن منایا جارہا ہے تو وہیں کانگریس نے دبے لفظوں میں تو مسلم تنظیموں کے ذریعہ کھلے طور پرحکومت کے موقف کے خلاف تحریک شروع کر دی گئی ہے۔ اسلام نگر کے بعد برسر اقتدار جماعت کے ذریعہ جہاں حلالپور کا نام بدلنے کا مطالبہ شروع کردگیا ہے تو وہیں مسلم تنظیموں کے ذریعہ اس معاملے کو لیکر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر و بیرسیہ حلقہ سے رکن اسمبلی وشنو کھتری کہتے ہیں کہ اسلام نگر کا نام بدلنے کو لئ کر ان کے ذریعہ دوہزار آٹھ میں تحریک شروع کی گئی تھی۔ اس معاملے میں مرکز کے ذریعہ لیٹر بھی آیا تھا، لیکن کانگریس کی حکومت کے ذریعہ اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ اس لیٹر کو دبا دیا گیا ۔ اب حکومت نے جو قدم اٹھایا ہے وہ عوام کے دل کی آواز ہے۔ اب اسلام نگر نہیں بلکہ جگدیش پور رہے گا اور یہاں پر اپنی تہذیبی شناخت کو قائم کرنے کے لئے سوامی جگدیش کے نام سے عالیشان مندر قائم کیا جائے گا۔ اسلام نگر کا بدلے جانے کے بعد اب حلالپور ڈیم کا نام بدلنے کو لیکر بھی تحریک شروع کردی گئی ہے اور جلد ہی اس معاملے میں بھی عوام کو بڑی کامیابی ملے گی۔ وہیں اس تعلق سے جب نیوز18 اردو نے ممتاز تاریخ داں رضوان انصاری سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ بھوپال ریاست کے بانی سردار دوست محمد خان کے ذریعہ کسی قلعہ کو منہدم کرکے یا مندر کو گراکر اسلام نگر نہیں بسایاگیا تھا۔ اسلام نگر اسلام کے نام پر بھی نہیں بسایا گیاتھا بلکہ اسلام شاہ ایک بزرگ گزرے ہیں جن کے نام پر دوست محمد خان نے اس قلعہ کو بسایا تھا اور یہ زمین ان کی وفاداری اور خدمات کے سلے میں گونڈ رانی کملا پتی کے ذریعہ انہیں تحفہ میں دی گئی تھی۔اسلام نگر قلعہ کو کسی جبر سے جوڑ کر دیکھنا ٹھیک بات نہیں ہے۔
جبکہ مدھیہ پردیش کانگریس کے سکریٹری عبدالنفیس کہتے ہیں کہ دوہزار تیئس میں مدھیہ پردیش اسمبلی کے انتخابات ہونے ہیں اور انتخابات کو لیکر بی جے پی اور آر ایس ایس کے ذریعہ جو سروے کرایاگیا ہے اس میں ان کی حالت بڑی خستہ آئی ہے۔اس لئے عوام کو گمراہ کرنے کو لیکر ناموں کو بدلا جارہا ہے ۔اب دیکھئے نام بدلنے کا فیصلہ اس دن کیاگیا جس دن مرکزی حکومت کا بجٹ آیاتھا ۔یہ فیصلہ اس دن اس لئے کیاگیا تاکہ عوام بجٹ ،مہنگائی اور دوسرے پہلوؤں پر سوال نہ پوچھے۔اسلام نگر دوست محمد خان کے ذریعہ ضرور قائم کیاگیاتھا لیکن انہوں نے کبھی بھی جگدیش پور کا نام نہیں بدلا۔یہی نہیں رام پور اور سیتاپور میں بھی مسلم ریاست رہی ہے لیکن انہوں نے بھی کبھی ان ناموں کو نہیں بدلا۔
وہیں سینئر بی جے پی لیڈر توفیق محمد خان کہتے ہیں کہ نام بدلنے کا سلسلہ تو ملک میں مغلوں نے شروع کیاتھا۔ اورنگ زیب نے دکن کے تاریخی شہر پر قبضہ کیا اور اپنے نام سے شہر کا نام اورنگ آباد رکھدیا۔ ہر کوئی یہ جانتا ہے کہ اورنگ آباد کو اورنگ زیب نے نہیں بسایاتھا بلکہ اس شہر کو ملک عنبر نے اپنے بیٹے فتح خان کے نام سے فتح نگر بسایا تھا۔پھر ایسے کام جس سے حملہ آوروں کی نشاندہی ہو اس کو بدلنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ نام بدلنے کا معاملہ گزٹ نوٹیفکیشن سے ہوتا ہے اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ عدالت سے رجوع کرے۔
مدھیہ پردیش علما بورڈ کا کہنا ہے کہ مسلم بادشاہوں نے ہزار سال اگر حکومت کی تھی تو یہ حکومت امن پر مبنی تھی۔ اگر جبر ہوتا تو کسی اور قوم کے لوگ یہاں نہیں ہوتے۔ حکومت میل کے پتھر بدل کر، تاریخی مقامات اور شہروں کے نام بدل کر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ سرکار یہ بتائے جن مقامات کے نام ابتک بدلے گئے ہیں وہاں پر ترقیات کے نام پر کیاکیاگیا ہے۔ وہاں پر کتنے اسکول، کالج کھولے گئے۔ روزگار کے لئے کتنی انڈسٹری لگائی گئی ۔ اس معاملے کو لیکر علما بورڈ اپنی صوبائی میٹنگ کرے گا اور پھر عدالت سے رجوع کرنے کا خاکہ تیار کیا جائے گا۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔