بھوپال : صحافیوں کے لئے ضروری پروفیشنل کوالیفکیشن کے معاملہ کو لیکرسپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد حکومت ہند کی ایما پر پریس کونسل آف انڈیا کی سب کمیٹی نے ہندستان کی ریاستوں کا دورہ شروع کیا ہے۔ پریس کونسل آف انڈیا کی سب کمیٹی کے اراکین کے ذریعہ ملک کی سبھی ریاستوں کے سینئر صحافیوں سے ملاقات کر کے صحافیوں کے لئے ضروری پروفیشنل کوالیفکیشن کو لیکر نہ صرف ملاقات کر کے بلکہ ان کے مشوروں کی روشنی میں دستاویز بھی تیار کر رہی ہے ۔ تاکہ اسے حکومت ہند کے سامنے پیش کیا جاسکے اور صحافیوں کی پروفیشنل کوالیفکیشن کے معاملے میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔ بھوپال میں منعقدہ دو روزہ کانفرنس میں پریس کونسل آف انڈیا کے اراکین نے سینئر صحافیوں سے ملاقات کی اور ان سے صحافیوں کی پروفیشنل کوالیفکیشن کو لیکر مختلف پہلوؤں پر بات کی ۔
پروفیسر جے ایس راجپوت، کنوینر، پریس کونسل آف انڈیا سب کمیٹی دہلی نے نیوز 18 اردو سے خصوصی ملاقات میں کہا کہ دیکھئے کہ سپریم کورٹ نے اس تعلق سے حکومت ہند سے کہا اور حکومت ہند نے پریس کونسل سے کہا ایسنشیل پروفیشنل کوالیفکیشن آف جرنلسٹ کیا ہونا چاہئے۔ ہونی چاہئے تو کتنی ہونی چاہئے اس کو لیکر ایک سب کمیٹی بنی ہے اور اسی سب کمیٹی کو لیکر ہم یہاں بھوپال آئے ہیں۔ ہم نے اور بھی ریاستوں میں بات کی ہے۔ یہاں پر جو سینئر صحافی ہیں جن کے بہت تجربات ہیں ،جنہوں نے صحافت کو بہت کچھ دیا ہے ۔ بہت سے ایسے بھی جرنلسٹ گزرے ہیں اور بہت سے ابھی بھی ہیں جن کے پاس پروفیشنل کوالیفکیشن نہیں تھی اس کے باؤجود بھی انہوں نے صحافت میں بہت اونچا مقام بنایا ۔ بہت سے ایسے ہیں جن کے پاس پروفیشنل کوالیفکیشن ہے اور وہ صحافت کے میدان میں بہترین کام کر رہے ہیں۔ اسی بنیاد پر ہم نے سب کی رائے لی ہے اور یہ دیکھا ہے کہ ہمیں بہت سے اچھے مشورے ، بہت سی تجاویز آئی ہیں کہ کیا ہونا چاہئے اور کیا نہیں ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس تعلق سے ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی جائیں گے اور جو کچھ بھی اس تعلق سے سب کمیٹی اپنی رپورٹ دیگی وہ سینئر صحافیوں کے مشوروں اور تجاویز پر مبنی ہوگی۔ ہمیں یہاں پر بہت کچھ اچھا ملا ہے اور ہمیں لگا کہ مدھیہ پردیش میں صحافت کو لیکر ابھی معیار باقی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ سب کمیٹی اپنی رپورٹ حکومت ہند کو کتنے مہینے میں پیش کردے گی تو انہوں نے بتایا کہ اس تعلق سے ابھی کوئی وقت مقرر نہیں ہے ۔ لیکن پریس کونسل کی سب کمیٹی پورے ملک کا دورہ کرنے اور سبھی ریاستوں کے سینئر صحافیوں سے ملاقات کے بعد اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ صحافیوں کی پروفیشنل کوالیفکیشن کے معاملے کو لیکر بھوپال میں پریس کونسل کی میٹنگ کا انعقاد ماکھن لال چترویدی یونیورسٹی میں کیا گیا تھا۔ پریس کونسل کی میٹنگ میں موجود ماکھن لال چترویدی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر کے جی سریش نے نیوز 18 اردو سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پریس کونسل آف انڈیا کی سب کمیٹی کی دو روزہ میٹنگ ماکھن لال چترویدی یونیورسٹی میں ہوئی۔پہلے روز کی میٹنگ یونیورسٹی کے نئے کیمپس میں ہوئی اور دوسرے روز کی میٹنگ یونیورسٹی کی اولڈ بلڈنگ میں منعقد کی گئی۔اس دو روزہ میٹنگ میں سینئر صحافیوں کے ساتھ درس و تدریس سے وابستہ اساتذہ سے بھی ان پٹ لیاگیا۔
پریس کونسل آف انڈیا نے یہ سب کمیٹی اس لئے بنائی ہے کہ کیا صحافیوں کو ایسنشیل پروفیشنل کوالیفکیشن کی ضرورت ہے یا نہیں ۔اس سوال پر تفصیل سے سبھی پہلؤوں پر بات ہوئی جس میں میڈیا کے اساتذہ اور میڈیا کے لوگوں سے بات کرکے یہ کمیٹی اب دہلی جارہی ہے ۔اور ان کا یہ کہنا ہے کہ بھوپال آکر انہیں بہت اچھا ان پٹ ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ایشیا کے پہلے اور دیش کے سب سے بڑے میڈیا وشوودیالیہ میں جو بھوپال میں قائم ہے اس میں دو روز تک صحافیوں کی تعلیمی لیاقت کے مختلف پہلوؤں پر بات ہوئی جس پر ہمیں فحر ہے۔
پریس کونسل کی سب کمیٹی کے سامنے نیا نظریہ کے ایڈیٹر ان چیف ڈاکٹر نظر محمود نے صحافیوں کے لئے پروفیشنل کوالیفکیشن کو لازمی کرنے کی تجویز پیش کی جبکہ نیوز 18 کے سینئرصحافی منوج شرما نے اپنے خیال پیش کرتے ہوئے صحافیوں کو بندشوں میں رکھنے کے بجائے ان کی تربیت پر زور دیا۔ سینئر صحافی رشید قدوائی نے صحافت میں مشترکہ تہذیب کو نصاب کا حصہ بنانے پر زور دیا۔ جبکہ نیوز 18 اردو کے سینئر صحافی ڈاکٹر مہتاب عالم نے صحافیوں میں پروفیشنل اسکل کو ڈیولپ کرنے کے لئے ان کی پروفیشنل تربیت کرنے پر زور دیا۔
میٹنگ میں موجود صحافیوں کی بڑی تعداد اس بات پر تو متفق تھی کہ صحافیوں کے لئے کوالیفکیشن کو لازمی کیا جانا چاہئےم لیکن پروفیشنل کوالیفکیشن کو لازمی کرنے کے معاملے کو لیکر بہت سے سینئر صحافیوں نے شدید احتجاج کیا۔ صحافیوں کی ایک بڑی تعداد کا ماننا ہے کہ ڈگری سے صحافت کی سمجھ کے پیمانہ کو فکس نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ریموٹ علاقوں میں صحافیوں کی پروفیشنل کوالیفکیشن کو لیکر بھی صحافی ایک رائے نظر نہیں آئے۔
صحافیوں کی پروفیشنل کوالیفکیشن کے معاملے کو لیکر پریس کونسل آف انڈیا کی سب کمیٹی ملک کی سبھی ریاستوں کا دورہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ حکومت ہند کوپیش کرے گی ۔ کمیٹی اپنی سفارشات حکومت ہند کو کب پیش کرتی ہے اور صحافیوں کی پروفیشنل کوالیفکیشن کو لیکر کیا پیمانہ بنایا جاتا ہے ، اس پر سب کی نگاہیں ہوں گی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔