ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

مدھیہ پردیش : نیماور اجتماعی قتل کو سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے آدیواسی سماج پر حملہ سے کیا تعبیر

دیواس نیماور میں آدیواسی خاندان کے پانچ لوگوں کے اجتماعی قتل معاملہ میں ایم پی پی سی سی چیف کمل ناتھ جانچ کے لئے کانگریس کی اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دینے کے ساتھ آج خود نیماور کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ۔

  • Share this:
مدھیہ پردیش : نیماور اجتماعی قتل کو سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے آدیواسی سماج پر حملہ سے کیا تعبیر
مدھیہ پردیش : نیماور اجتماعی قتل کو سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے آدیواسی سماج پر حملہ سے کیا تعبیر

بھوپال : مدھیہ پردیش کے ضلع دیواس کے نیماور میں ایک ہی آدیواسی خاندان کے پانچ لوگوں کے اجتماعی قتل پر حکومت اور بی جے پی کے ذریعہ سیاست جاری ہے ۔ حکومت کے ذریعہ اجتماعی قتل کے ملزمین کو جہاں کیفر کردار تک پہنچانے اور فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلانے کی بات کہی جارہی ہے تو وہیں کانگریس نے حکومت پر اجتماعی قتل میں ملوث بڑے لوگوں کو بچانے کا الزام لگاتے ہوئے  پورے معاملہ کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے ۔


واضح رہے کہ دیواس کے نیماور میں تیرہ مئی سے سترہ مئی کے بیچ ایک ہی آدیواسی خاندان کے پانچ لوگوں کی گمشدگی کا معاملہ سامنے آیا تھا ۔ تھانہ میں رپورٹ درج کی گئی تھی اور پینتالیس دن بعد جب اس معاملہ میں ایک شخص کی گرفتاری کی گئی اور اس کی نشاندہی پر کھیت میں کھدائی کی گئی تو پانچ لاشوں کا ڈھانچہ ایک ایک کرکے جب سامنے آیا تو لوگوں کے ہوش اڑ گئے ۔ میڈیا سرخیوں میں آنے کے بعد پولیس نے اپنی تفتیش کو مزید تیز کیا اور اب تک اس معاملہ میں چار لوگوں کو گرفتار کر کے پولیس کے ذریعہ جیل بھیجا جا چکا ہے ۔ آدیواسی گھرانے کے پانچ لوگوں کے اجتماعی قتل پر حکومت نے جہاں حکومت نے فاسٹ ٹریک کورٹ میں  مقدمہ چلانے کا اعلان کرنے کے ساتھ مہلوکین کے ورثہ کو مالی امداد دینے کا بھی کیا ہے۔


دیواس نیماور میں آدیواسی خاندان کے پانچ لوگوں کے اجتماعی قتل معاملہ میں ایم پی پی سی سی چیف کمل ناتھ جانچ کے لئے کانگریس کی اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دینے کے ساتھ آج خود نیماور کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ۔ سابق سی ایم کمل ناتھ کا کہنا ہے کہ قاتلوں کی تصاویر جن لوگوں کے ساتھ ہیں ، ان کا تعلق برسراقتدار جماعت سے ہے اور حکومت کے ذریعہ با اثر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ سابق سی ایم کمل ناتھ نے معاملہ کی سی بی آئی جانچ کرانے کے ساتھ مہلوکین کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے مالی امداد کے طور پر دینے کا بھی اعلان کیا ۔ کمل ناتھ کا کہنا ہے کہ یہ اجتماعی قتل پورے آدیواسی سماج پر حملہ ہے اور کانگریس آدیواسی سماج کے حقوق کی لڑائی ہر محاذ پر لڑے گی ۔


وہیں مدھیہ پردیش کے وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن وشواس سارنگ نے سابق سی ایم کمل ناتھ کے نیماور دورے کو لاشوں پر سیاست سے تعبیر کیا ہے ۔ وشواس سارنگ کا کہنا ہے کہ اجتماعی قتل معاملہ میں ملزمان گرفتار کئے جا چکے ہیں ۔ حکومت کے ذریعہ اکتالیس لاکھ پچیس ہزار روپے مالی امداد کے طور پر دینے کا اعلان کیا جا چکا ہے اور سی ایم شیوراج سنگھ نے معاملہ کو فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے باوجود متاثرین کے زخموں پر مرہم لگانے کی بجائے کانگریس اور اس کے لیڈر زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کر رہے ہیں ۔ کمل ناتھ کو وہ دن یاد نہیں ہے جب کمل ناتھ کی رہائش گاہ سے محض سوا کلومیٹر دور معصوم بچیوں کے ساتھ اجتماعی عصمت دری ہوئی تھی تب نہ کمل ناتھ گھر سے نکلے اور نہ ہی کانگریس کے لیڈر باہر آئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کانگریس کے لیڈران کو اتنی فکر ہے تو ان کے گھر بھی جائیں جن کے گھروں کو کانگریس کے لوگوں نے برباد کیا ہے ۔ کانگریس کے ڈھونگ کو عوام اچھے سے جانتے ہیں ، جو کسی بہکاوے میں نہیں آنے والے ہیں ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jul 05, 2021 09:38 PM IST