ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

مدھیہ پردیش : بھوپال میں آندھی اور بارش سے بھاری تباہی، ایک شخص کی موت ، سات زخمی

نصف گھنٹے کے قریب چلنے والی تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی بارش سے قدیم بھوپال میں سب سے زیادہ نقصان ہواہے۔ قدیم بھوپال کے بھوپال ٹاکیز علاقہ،وقف بورڈ کیمپس،ساجدہ نگر،ٹیلی فون ایکسچنج بلڈنگ پر پیڑ کے ساتھ پرانے گھروں کی گرنے سے بڑا نقصان ہواہے۔

  • Share this:
مدھیہ پردیش : بھوپال میں آندھی اور بارش سے بھاری تباہی، ایک شخص کی موت ، سات زخمی
مدھیہ پردیش : بھوپال میں آندھی اور بارش سے بھاری تباہی، ایک شخص کی موت ، سات زخمی

بھوپال : مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی بارش سے بڑی تباہی مچی ہے ۔ شہر کے چھیالیس مقامات پر نہ صرف پیڑ گرنے کی خبر ہے بلکہ مختلف مقامات پر پیڑ کے ساتھ گھر گرنے سے ایک شخص کی موت اور سات لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ بھوپال کلکٹر اویناش لاوانیا اور ڈی آئی جی بھوپال ارشاد ولی نے سڑک پر نکل کر حالات کا جائزہ لیا اور راحت و بچاؤ کے کام کو تیز کرنے کے ساتھ سڑکوں پر گرے پیڑکو ہٹا کر راستہ شروع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔


مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں پری مانسون کی دستک کے ساتھ آنے چلنے والی تیز آندھی اور بارش سے ایسی تباہی مچے گی یہ کسی کے خواب وخیال میں بھی نہیں تھا۔ نصف گھنٹے کے قریب چلنے والی تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی بارش سے قدیم بھوپال میں سب سے زیادہ نقصان ہواہے۔ قدیم بھوپال کے بھوپال ٹاکیز علاقہ،وقف بورڈ کیمپس،ساجدہ نگر،ٹیلی فون ایکسچنج  بلڈنگ پر پیڑ کے ساتھ پرانے گھروں کی گرنے سے بڑا نقصان ہواہے۔


وہیں بھوپال کے رنگ محل چوراہے پر تیز آندھی میں ہونڈیی کارپلٹ گئی ۔ کار میں سوار چار لوگوں کوعلاج کے لئے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔ نگرنگم ،شہید نگر میں پیڑ گرنے سے دیڑھ درجن گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس انتظامیہ اور مقامی لوگوں کے ذریعہ راحت و بچاؤ کا کام جاری ہے۔ آندھی اور تیز بارش میں ایک شحص کی موت اور سات لوگ زخمی ہوئے ۔


قدیم بھوپال کے فرحان خان کہتے ہیں کہ ایسی آندھی اس سے قبل نہیں دیکھی تھی ۔ نگر نگم جو بارش سے پہلے تمام تیاریوں کا دعوی کر رہا تھا ذرا سی دیر کی بارش میں جہاں اس کی تیاریوں کی قلعی کھلی کھل گئی ہے وہیں قدیم عمارات کو لیکر نگر نگم کی عدم توجہی بھی دیکھنے کو ملی ہے ۔ بھوپال ٹاکیز پر پیڑجو گھر پر گرا ہے اس سے بڑی تباہی مچی ہے ۔ جو لوگ گھر کے ملبے کے نیچے دبے تھے انہیں مقامی لوگوں کی کوشش سے محفوظ نکالا گیا ہے ۔ جبکہ انتظامیہ کے افسران گھنٹوں بعد پہنچے ہیں ۔

وہیں راجدھانی بھوپال میں آندھی اور بارش سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لینے کے لئے بھوپال کلکٹر اویناش لاوانیا بھوپال ڈی آئی جی اور افسران کے ساتھ سڑک پر نکلے اور انہوں نے سڑک پر گرے پیڑوں کو جلد سے جلد ہٹانے کی نگر نگم کے افسران کو ہدایت دی ۔ بھوپال کلکٹر اویناش لاوانیا کہتے ہیں کہ آندھی اور بارش میں شہر کے مختلف مقامات پر گھر اور پیڑ گرے ہیں ۔ راحت اور بچا ؤ کا کام جاری ہے ۔کچھ جگہوں پر سڑک پر گرے پیڑوں کو ہٹا کر راستہ صاف کردیا گیا ہے جبکہ کچھ جگہوں پر کام جاری ہے۔ بجلی کی سپلائی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jun 13, 2021 12:24 AM IST