ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

مدھیہ پردیش : حکومت کی یقین دہانی کے بعد جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم

مدھیہ پردیش جونیئر ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے ڈویزنل صدر ہریش پاٹھک کہتے ہیں کہ کئی دور کی بات چیت کے بعد حکومت نے ہمارے مطالبات کو پورا کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ حکومت کی یقین دہانی کے بعد ہم نے بھی اپنی ہڑتال واپس لے لی ہے ۔

  • Share this:
مدھیہ پردیش : حکومت کی یقین دہانی کے بعد جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم
مدھیہ پردیش : حکومت کی یقین دہانی کے بعد جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم

بھوپال : مدھیہ پردیش میں کورونا قہر کے درمیان جونیئر ڈاکٹروں کے ذریعہ پانچ نکاتی مطالبات کو لے کر شروع کی گئی ہڑتال مدھیہ پردیش کے وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن سے ملاقات کے بعد ختم کردی گئی ہے ۔ حکومت نے جونیئر ڈاکٹروں کے مطالبات کو جہاں پورا کرنے کا وعدہ کیا ہے وہیں جونیئر ڈاکٹروں نے کورونا قہر میں حکومت کی یقین دہانی کے بعد اپنی طبی خدمات پھر شروع کردی ہیں ۔


واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں جونیئر ڈاکٹراپنے مطالبات کو لے کر کئی بار حکومت کو انتباہ دے چکے تھے ۔ حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے جونیئر ڈاکٹروں نے چار مئی کو حکومت کو میمورنڈم بھیجا تھا اور چھ مئی کو ہڑتال کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ اپنے اعلان کےمطابق جونیئر ڈاکٹروں نے چھ مئی کی صبح سے ریاست کے اسپتالوں میں نہ صرف اپنی خدمات بند کیں بلکہ انہوں نے ایمرجنسی اور کورونا مریضوں کو بھی خدمت دینے سے انکار کردیا تھا۔ دن بھر میں تین بار مدھیہ پردیش کے وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن سے بات کرنے اور حکومت کی یقین دہانی کے بعد جونیئر ڈاکٹروں نے اپنی ہڑتال واپس لیتے ہوئے کام شروع کردیا ہے ۔


مدھیہ پردیش کے وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن وشواس سارنگ کہتے ہیں کہ جونیئر ڈاکٹروں سے ہماری بات ہوئی ہے اور ہم نے انہیں سمجھایا کہ جو کام وہ کر رہے ہیں وہ سیدھے طور پر سماج کی خدمت ہے ۔ اس لئے اپنی بات رکھنے کے لئے ہڑتال کی بات کرنا مناسب نہیں ہے ۔ مجھے خوشی ہے کہ جونیئر ڈاکٹروں نے اپنے فرائض کو سمجھا ہے اور ہماری بات کو مانا ہے اور ہماری بات کی قدر کی ہے ، تو ہم نے بھی ان کے مطالبات کا تسلیم کرلیا ہے اور اسے حل کرنے کا جلد سے جلد کام کیا جائے گا ۔ ان کے جو بھی مطالبات تھے ، حکومت نے انہیں تسلیم کرلیا ہے ۔


وہیں مدھیہ پردیش جونیئر ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے ڈویزنل صدر ہریش پاٹھک کہتے ہیں کہ کئی دور کی بات چیت کے بعد حکومت نے ہمارے مطالبات کو پورا کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ حکومت کی یقین دہانی کے بعد ہم نے بھی اپنی ہڑتال واپس لے لی ہے ۔ جونیئر ڈاکٹرپہلے کی طرح اپنے فرائض کو ادا کریں گے ۔ حکومت نے مطالبات پر عمل کرنے کا وعدہ تو کیا ہے ، لیکن یہ مطالبات کب پورے ہوتے ہیں یہ دیکھنا ہوگا ۔ اگر مہینے دو مہینے میں اس پر عمل نہیں ہوتا ہے تو ہم پھر اپنی حکمت عملی کو طے کریں گے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: May 06, 2021 10:15 PM IST