ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

بھوپال ہیلتھ سروے کی بنیاد پر ہوگا مدھیہ پردیش کا ہیلتھ سروے

مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹرنروتم مشرا کہتے ہیں کہ یکم جولائی سے مدھیہ پردیش میں کل کورونا مہم کا آغاز ہوگا اور پندرہ جولائی تک جاری رہے گا ۔ مہم میں دس ہزار ٹیمیں روزانہ دس لاکھ گھروں کا ہیلتھ سروے کریں گی ۔

  • Share this:
بھوپال ہیلتھ سروے کی بنیاد پر ہوگا مدھیہ پردیش کا ہیلتھ سروے
بھوپال ہیلتھ سروے کی بنیاد پر ہوگا مدھیہ پردیش کا ہیلتھ سروے

مدھیہ پردیش سے کورونا وائرس کے خاتمہ کے لئے راجدھانی بھوپال سے مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ مہم کے آغاز کے طور پر بھوپال کی اکاون گھنی بستیوں سے اس کی شروعات کی گئی ہے ۔ مہم میں محکمہ صحت کی  ساڑھے سات سوٹیموں کے ساتھ ایک ہزار پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں پچاسی ہزار گھروں کی اسکریننگ کی گئی ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹرنروتم مشرا کہتے ہیں کہ یکم جولائی سے مدھیہ پردیش میں کل کورونا مہم کا آغاز ہوگا اور پندرہ جولائی تک جاری رہے گا ۔ مہم میں دس ہزار ٹیمیں روزانہ دس لاکھ گھروں کا ہیلتھ سروے کریں گی ۔ ایک ٹیم کے سو گھروں کا سروے کرنے کا ٹارگیٹ ہوگا ۔ اس کا آغاز بھوپال سے کیا گیا ہے۔ اگر اس میں کوئی کمی رہتی ہے تو اسے دور  کر کے اثرانداز طریقہ سے مہم چلائی جائے گی ۔ تاکہ صوبہ سے کورونا کی وبائی بیماری کا خاتمہ کیا جاسکے ۔


واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں کورونا مریضوں کی تعداد تیرہ ہزار سے اوپر پہنچ گئی ہے ۔ صوبہ میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد  تیرہ ہزار ایک سو پچیس ہوگئی ہے۔ کورونا سے ابتک پانچ سو پچپن لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ  دس ہزار نوے لوگ صحتیاب بھی ہوچکے ہیں ۔ کورونا کو لیکر راجدھانی بھوپال اور اندور میں حالات سب سے زیادہ تشویشناک ہیں ۔ جون مہینے میں کوئی دن ایسا نہیں گیا ، جب راجدھانی بھوپال میں کسی دن تیس سے کم مریض سامنے آئے ہوں ۔


مدھیہ پردیش کانگریس کے سینئر لیڈر وسابق وزیر قانون پی سی شرما کہتے ہیں کہ کل کورونا کے نام پر جس مہم کا بھوپال سے ٹرائل شروع کیا گیا ہے ، اس میں سرکار ناکام ہوگئی ہے ۔ کورونا چیکنگ کے نام پر صرف اسکریننگ کی جا رہی ہے ۔ کئی جگہ پر ایپ نہیں چلنے کی بھی شکایتیں آئی ہیں ۔ ہماری مانگ ہے کہ سرکار کورونا ختم کرنے کے لئے ٹیسٹنگ کو بڑھائے ۔ جب تک ٹسیٹنگ کو نہیں بڑھایا جائے گا ، تب تک کورونا کو ختم نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ اسکریننگ کر لینے سے کچھ نہیں ہونے والا ہے ۔ یہ سرکار صرف گمراہ کرنے میں لگی ہوئی ہے ۔ جمہوریت کا قتل کر کے یہ سرکار اقتدار میں آئی تھی ، اس لئے تیس جون کو سرکار کے سو دن پورے ہونے اور ہر محاذ پر ناکام رہنے کو لیکر مدھیہ پردیش کانگریس یوم سیاہ منائے گی ۔ اگر بارش ہوتی ہے ، تو بھی کانگریس کے کارکنان کالی چھتری کے ساتھ احتجاج کریں گے ۔


وہیں بھوپال نریلا اسمبلی سیٹ سے بی جے پی ایم ایل اے وسابق وزیر وشواس سارنگ مدھیہ پردیش میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے لئے کانگریس کو ہی ذمہ دار مانتے ہیں ۔ وشواس سارنگ کہتے ہیں کہ کورونا کی وبائی بیماری جنوری فروری میں ہی سامنے آنے لگی تھی ، لیکن کمل ناتھ سرکار نے اقتدار کے نشے میں اس جانب دھیان نہیں دیا ۔ اگر اس وقت اس پر دھیان دیا گیا ہوتا ، تو آج یہ تشویشناک صورتحال مدھیہ پردیش کی نہیں ہوتی ۔ شیوراج سنگھ سرکار کام کررہی ہے اور اس کام کی عوام ستائش بھی کررہے ہیں ، تو کانگریس سے دیکھا نہیں جا رہا ہے ۔ بھوپال سے ہیلتھ سروے کو شروع کیا گیا ہے اور اگلے مہینے سے پورے مدھیہ پردیش میں ہیلتھ سروے کرکے ہم کورونا کو ہی نہیں دوسری بیماریوں کو بھی ختم کرنے کا کام کریں گے ۔ کانگریس کو اگر ذرا بھی شرم ہے تو اسے عوام سے معافی مانگنی چاہئے ۔

وہیں مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ کہتے ہیں کہ کورونا کی وبائی بیماری ہو یا مہنگائی کی بات ، یہ سرکار ہر محاذ پر ناکام ہے ۔ مہنگائی آسمان پر ہے اور اوپر سے پچھلے تیئس دنوں سے ڈیزل و پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے ۔ ایک طرف کورونا کے خاتمہ کی بات کی جارہی ہے تو وہیں دوسری طرف ابھی خبر ہے کہ کورونا ڈیوٹی میں لگے محکمہ آیوش کے پینتس ڈاکٹرس جو اپنی تنخواہوں کو وقت پر دینے اور اس میں اضافہ کی مانگ کر رہے تھے ، انہیں سسپنڈ کردیا گیا ہے ۔

بھوپال سے شروع کئےگئے ہیلتھ سروے میں لوگوں کو کورونا کے تیئں بیدارکرنے کے ساتھ اسکریننگ اور سیمپلنگ کا ڈاٹا بھی سارتھ ایپ پر اپ لوڈ کیا جا رہا ہے ۔ ساتھ ہی بستیوں میں سنیٹائزیشن کے ساتھ نگر نگم کا عملہ بستیوں میں پانی کی نکاسی اورمچھر مارنے کی دواؤں کا بھی چھڑکاؤ کر رہا ہے ۔ ہیلتھ سروے ٹیم گھر گھر میں ڈینگو اور ملیریا کی بھی جانچ کر رہی ہے ۔ بھوپال سے شروع کی گئی ہیلتھ سروے مہم کا مدھیہ پردیش میں کتنا اثر ہوتا ہے یہ تو بعد میں پتہ چلے گا ، لیکن سروے کی افادیت کو لے کر سوالات اٹھنے لگے ہیں ۔
First published: Jun 29, 2020 09:37 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading