ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

مدھیہ پردیش : حج ہاؤس میں یوپی ایس سی کوچنگ شروع کرنے کو لے کر تحریک میں شدت

سدبھاؤنا منچ اور ایم پی جمیعت علما کے کارکنان نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی فلاح و بہبود مختار عباس نقوی اور مرکزی حج کمیٹی کو میمورنڈم بھیج کر مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج ہاؤس میں اقلیتی طلبہ کے لئے مفت یوپی ایس سی کی کوچنگ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

  • Share this:
مدھیہ پردیش : حج ہاؤس میں یوپی ایس سی کوچنگ شروع کرنے کو لے کر تحریک میں شدت
مدھیہ پردیش : حج ہاؤس میں یوپی ایس سی کوچنگ شروع کرنے کو لے کر تحریک میں شدت

بھوپال : ممبئی حج ہاؤس کی طرز پر بھوپال میں واقع ایم پی اسٹیٹ حج ہاؤس کی بلڈنگ میں مقابلہ جاتی امتحانات کے لئے کوچنگ شروع کرنے کے مطالبہ نے زور پکڑ لیا ہے ۔ سدبھاؤنا منچ اور ایم پی جمیعت علما کے کارکنان نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی فلاح و بہبود مختار عباس نقوی اور مرکزی حج  کمیٹی کو میمورنڈم بھیج کر مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج ہاؤس میں اقلیتی طلبہ کے لئے مفت یوپی ایس سی کی کوچنگ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔


سدبھاؤنا منچ کے مفتی رافع کہتے ہیں کہ ہم نے ایم پی اسٹیٹ حج ہاؤس میں اقلیتی طلبہ کے لئے مفت کوچنگ شروع کرنے کا مطالبہ پہلے بھی کیا تھا ، لیکن مد ھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی میں دوہزار اٹھارہ سے کوئی سربراہ نہیں ہونے کے سبب ہمارے مطالبات پر غور نہیں کیا گیا ۔ اب ہم نے اپنے مطالبات کو لے کر مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کے ساتھ مرکزی حج کمیٹی سے بھی مطالبہ کیا ہے۔


مدھیہ پردیش جمعیت علما بھوپال یونٹ کے صدر حاجی محمد عمران کہتے ہیں کہ  ممبئی حج  ہاؤس میں اقلیتی طلبہ کے لئے جو مفت کوچنگ چلائی جارہی ہے اس کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ممبئی کی طرز پر مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج ہاؤس کی بلڈنگ میں بھی اقلیتی طلبہ کے لئے مفت کوچنگ چلائی جائے تاکہ مدھیہ پردیش کے طلبہ بھی مقابلہ جاتی امتحانات میں شرکت کرسکیں اور اپنے کیریر کو بہتر بنا سکیں ۔ بڑا افسوس ہوتا ہے کہ حج ہاؤس کی تین منزلہ بلڈنگ کے دو کمرے میں سارا کام ہوتا ہے اور باقی عمارت خالی پڑی رہتی ہے ، لیکن حج کمیٹی کے ذمہ داران نے اب تک یہ قدم نہیں اٹھایا کہ وہ یہاں سے یوپی ایس سی جیسی کوچنگ شروع کر سکیں ۔


انہوں نے مزید کہا کہ ابھی ہم نے مرکزی وزیر اور مرکزی حج کمیٹی کو میمورنڈم بھیجا ہے اور کورونا سےحالات سازگار ہونے پر جمعیت علما کا اعلی سطحی وفد دہلی جاکر مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے ملاقات بھی کرے گا ۔ ہماری یہ تحریک تب تک جاری رہے گی ، جب تک ایم پی اسٹیٹ حج ہاؤس میں اقلیتی طلبہ کے لئے مفت کوچنگ شروع نہیں ہو جاتی ہے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jun 23, 2021 11:28 PM IST