ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

ووٹروں کوراغب کرنے کیلئے سیاسی پارٹیوں کے اپنے اپنے رام

ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے بھومی پوجا کی تاریخ کا اعلان کیا ہوا ، سیاسی پارٹیوں کے چہرے کھل کر سامنے آنے لگےہیں ۔ رام کے نام پر اپنا پینٹٹ دکھانے کے لئے سیاسی پارٹیوں میں ہوڑ مچی ہوئی ہے

  • Share this:
ووٹروں کوراغب کرنے کیلئے سیاسی پارٹیوں کے اپنے اپنے رام
ووٹروں کوراغب کرنے کیلئے سیاسی پارٹیوں کے اپنے اپنے رام

ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے بھومی پوجا کی تاریخ کا اعلان کیا ہوا ، سیاسی پارٹیوں کے چہرے کھل کر سامنے آنے لگےہیں ۔ رام کے نام پر اپنا پینٹٹ دکھانے کے لئے سیاسی پارٹیوں میں ہوڑ مچی ہوئی ہے ۔ کانگریس نے رام مندر کی تعمیر کی بھومی پوجا سے پہلے صوبہ میں ہنومان چالیسا کا انعقاد کر کے جہاں ووٹرس کے بیچ اپنا دعوی مضبوط کر نے کی کوشش کی ہے ، وہیں بی جے پی نے گھر گھر دیپ جلانے کے ساتھ ہنومان چالیسا اور اکھنڈ رامائن کا پاٹھ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ اسی بیچ مدھیہ پردیش حکومت نے صوبہ کے تمام کلکٹروں کو چار اور پانچ اگست کی شب مندروں میں چراغاں کرنے کا بھی حکم جاری کردیا ہے۔


مدھیہ پردیش کی پوری سیاست کا محور اس وقت بھگوان رام کی ذات بنی ہوئی ہے ۔ بی جے پی تو ابتدا سے ہی رام نام کی سیاست کرتی ہوئی آئی ہے ، اب کانگریس بھی سافٹ ہندتو کی راہ پر چلتے ہوئے رام کے بہانے اپنے ہندو ووٹرس کو خوش رکھنے کی قواعد میں مصروف ہے ۔ کانگریس نے اپنے تمام کارکنان سے صوبہ میں جگہ جگہ ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرنے کا حکم جاری کیا اور خود بھوپال میں ایم پی پی سی سی چیف کمل ناتھ کی رہائش گاہ پر ہنومان چالیسا کا پاٹھ کیا گیا ۔ این ایس یو آئی نے بھی صوبہ میں ہنومان چالیسا کا پاٹھ کر کے صوبہ کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا مانگی ہے۔


مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی اور ایم پی پی سی سی چیف کمل ناتھ کہتے ہیں کہ آج اگر ملک میں رام مندر تعمیر ہورہا ہے تو یہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی دین ہے ۔ راجیو گاندھی نے ہی ملک میں سب سے پہلے رام راجیہ کا سپنا دیکھا تھا ۔ رام مندر بنانا راجیو گاندھی کی فکر تھی اور اس وقت راجیو گاندھی ہوتے تو اور خوشی ہوتی ۔ پورے ملک میں رام مندر کی تعمیر کو لیکر خوشی کی لہر ہے ۔ کانگریس کے ذریعہ مذہبی پروگرام کے انعقاد کا جواب دیتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا کہ کیا مذہب بی جے پی کے نام پینٹٹ ہے ۔ کانگریس مذہبی پروگرام کا انعقاد کرتی ہے ، تو بی جے پی کے پیٹ میں درد ہوتا ہے ۔ ہم مذہب کو سیاست کا حصہ نہیں بناتے ہیں ، لیکن بی جے پی کے لوگ مذہب کے نام پر ہی سیاست کرتےہیں ۔ رام مندر کے لئے کس کی قربانیاں ہیں ، عوام سب جانتے ہیں ۔


وہیں بی جے پی نے کانگریس اور کمل ناتھ کے ذریعہ ہنومان چالیسا کا پاٹھ کئے جانے پر سخت تنقید کا اظہار کیا ہے ۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ یہ وہی کانگریس کے لوگ جو رام کے نام پر عدالت میں روکاوٹیں پیدا کرتے تھے اور رام کو تصوراتی بتاتے تھے اور آج رام مندر کی تعمیر کا راستہ صاف ہوگیا ، تو کریڈٹ لینے کے لئے نکل پڑے ہیں ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا کہتے ہیں کہ جس پارٹی کی صدر نے ابھی تک رام مندر کی تعمیر کو لے کر ایک لفظ نہیں بولا ہے ، اس پارٹی کے لیڈر رام مندر کی تعمیر کا کریڈٹ لینے میں مصروف ہیں ۔ ملک کے عوام اتنے نا سمجھ نہیں ہیں کہ اتنی بھی سیاست نہ سمجھ سکیں ۔

بھوپال میں ایم پی پی سی سی چیف کمل ناتھ کی رہائش گاہ پر ہنومان چالیسا کا پاٹھ کیا گیا ۔
بھوپال میں ایم پی پی سی سی چیف کمل ناتھ کی رہائش گاہ پر ہنومان چالیسا کا پاٹھ کیا گیا ۔


ایک جانب مدھیہ پردیش میں سیاسی پارٹیاں رام کے نام پر اپنا دعوی مضبوط کرنے میں تمام طرح کی کوششوں میں مصروف ہیں ، وہیں دوسری جانب مدھیہ پردیش حکومت نے ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے تمام کلکٹروں کو چار اور پانچ اگست کو مندروں میں چراغاں کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔ محکمہ روحانیت کی جانب سے جاری کئے گئے احکام پر سماجی تنظیموں نے اپنے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ مدھیہ پردیش سنیکت مورچہ کے صدر شمس الحسن  نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کا کام مندر اور مسجد میں چراغاں کرنے کا نہیں ہوتا ہے ، حکومت کو اپنا راج دھرم نبھانا چاہئے تاکہ آئین کی روح برقرار رہے ۔

اقبال نے کہا تھا کہ

ہے رام کے وجود پہ ہندوستاں کو ناز

اہل نطر سمجھتے ہیں اس کو امام الہند

جب تک رام کی تعلیمات کو حقیقی معنوں میں نافذ نہیں کیا جاتا ہے ، تب تک سیاسی پارٹیوں کے اس طرح کے دعوؤں سے کچھ نہیں ہونے والا ہے ۔ رام کی ایودھیا میں تو سب کو یکساں حقوق حاصل تھے ، کیا رام کے نام کی مالا جپنے والی سیاسی پارٹیاں ملک میں سب کو یکساں حقوق فراہم کرنے کی سمت میں قدم اٹھائیں گی ، یہ وقت کا سب سے اہم سوال ہے ؟
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Aug 04, 2020 08:25 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading