ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

مدھیہ پردیش میں رام مندر کار سیوکوں کے نام پر سڑک تعمیر کرنے کا فیصلہ

مدھیہ پردیش اسمبلی کے سابق پروٹیم اسپیکر اور بھوپال حضور اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے رامیشور شرما نے رام مندر کی تعمیر کے لئے کار سیوا کرنے اور قربانی دینے والوں کی یاد گارقائم کرنے کا نہ صرف اعلان کیا ۔ بلکہ انہوں نے بھوپال کولار علاقہ کے مکھرجی نگر میں اپنے اعلان کے مطابق کارسیوکوں کے نام سے سڑک تعمیر کے لئے بھومی پوجا بھی کر دی ہے ۔

  • Share this:
مدھیہ پردیش میں رام مندر کار سیوکوں کے نام پر سڑک تعمیر کرنے کا فیصلہ
مدھیہ پردیش میں رام مندر کار سیوکوں کے نام پر سڑک تعمیر کرنے کا فیصلہ

بھوپال : مدھیہ پردیش میں کورونا ریکوری ریٹ ننیانوے فیصد سے اوپر پہنچنے اور سیاسی پارٹیوں کے ذریعہ ریاست میں بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کو لے کر تیاریاں شروع کرتے ہی بی جے پی اپنے ہندتو کے ایجنڈے پر پھر لوٹ آئی ہے ۔ مدھیہ پردیش اسمبلی کے سابق پروٹیم اسپیکر اور بھوپال حضور اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے رامیشور شرما نے رام مندر کی تعمیر کے لئے کار سیوا کرنے اور قربانی دینے والوں کی یاد گارقائم کرنے کا نہ صرف اعلان کیا ۔ بلکہ انہوں نے بھوپال کولار علاقہ کے مکھرجی نگر میں اپنے اعلان کے مطابق کارسیوکوں کے نام سے سڑک تعمیر کے لئے بھومی پوجا بھی کر دی ہے ۔ وہیں کانگریس کا کہنا ہے کہ اپنی ناکامی کو چھپانے اور عوامی توجہ ہٹانے کے لئے بی جے پی مذہبی جذبات کا سہارا لے رہی ہے ۔ رام مندر کی تعمیر سپریم کورٹ کے حکم سے کی جا رہی ہے ، اس میں کسی اور کو کریڈٹ کیسے دیا جا سکتا ہے ۔


سابق پروٹیم اسپیکر رامیشور شرما کا کہنا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے نہرو سے لے کر اندرا گاندھی تک سے رام بھکتوں نے فریاد کی ، لیکن کسی نے ان کی آواز نہیں سنی ۔ بلکہ رام بھکتوں پر ملائم سنگھ کے ذریعہ گولیاں تک چلوائی گئیں ۔ رام مندر کی تعمیر کا راستہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہموار کیا ۔  سپریم کورٹ کے احکام پر رام مندر کی تعمیر کا کام جا ری ہے ۔ جن لوگوں نے رام مندر کے لئے اپنی قربانی دی ہے ، ان کی یاد گار قائم کرنے کا گاؤں گاؤں میں کام ہوگا ۔


بھوپال کے کولار کے مکھرجی نگر میں رام کوٹھاری اور شرد کوٹھاری جنہوں نے رام مندر کے لئے اپنی قربانی دی تھی ، ان کے نام پر سڑک کی تعمیر کے لئے بھومی پوجن کیا گیا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح سے آزادی کے ہیرو کی پوجا کی جاتی ہے ، اسی طرح سے رام بھکتوں اور دھرم بھکتوں کی پوجا کی جائے اور نئی پیڑھی ان کی قربانیوں سے واقف ہو۔


وہیں کانگریس نے اسے بی جے پی حکومت کی ناکامی سے تعبیر کیا ہے ۔ کانگریس ترجمان اجے یادو کا کہنا ہے کہ رام مندر کی تعمیر کا کام سپریم کورٹ کے احکام پر جاری ہے ۔ در اصل  کورونا قہر میں اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے اب بی جے پی عوام میں مذہب کے نام پر مذہبی جذبات کو بھڑکا نے کا کام کررہی ہے ۔ لیکن عوام اب بیدار ہوچکے ہیں اور انہیں بی جے پی کا پاکھنڈ معلوم ہے اور وہ کسی بہکاوے میں نہیں آنے والے ہیں ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jul 10, 2021 07:56 PM IST