ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

مدھیہ پردیش: بلیک فنگس مریضوں کے علاج کیلئے ضروری انجیکشن کی قلت، شیوراج حکومت نے اٹھایا یہ بڑا قدم

Madhya Pradesh News : اب بلیک فنگس کے مریضوں کو لگنے والے ایمفوٹریسین انجیکشن راست طور پر میڈیکل اسٹور سے نہیں ملیں گے ۔ بلکہ جن اسپتالوں میں بلیک فنگس کے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے وہاں سے انہیں فراہم کیا جائے گا۔

  • Share this:
مدھیہ پردیش: بلیک فنگس مریضوں کے علاج کیلئے ضروری انجیکشن کی قلت، شیوراج حکومت نے اٹھایا یہ بڑا قدم
مدھیہ پردیش: بلیک فنگس مریضوں کے علاج کیلئے ضروری انجیکشن کی قلت، شیوراج حکومت نے اٹھایا یہ بڑا قدم

بھوپال : مدھیہ پردیش میں کورونا کے بڑھتے قہر اور اسپتالوں میں طبی سہولیات کے فقدان  کو لیکر شیوراج سنگھ حکومت اپوزیشن کے نشانہ پر پہلے ہی تھی اور اب بلیک فنگس کے مریضوں کے لئے ضروری انجیکشن کی  قلت نے  جہاں حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے وہیں اپوزیشن کو حکومت کو گھیرنے کا ایک اور موقع ہاتھ لگ گیا ہے۔ مدھیہ پردیش میں بلیک فنگس کے ابتک ستائیس مریضوں کی موت ہوچکی ہے اور دو سی اسی مریضوں کا مدھیہ پردیش کے محتلف اسپتالوں میں علاج جاری ہے ۔ حکومت نے بلیک فنگس کے مریضوں کے علاج کے لئے ضروری  انجیکشن ایمفوٹریسین بی کی کالا بازاری کو روکنے کے لئے جہاں احکام جاری کرتے ہوئے اسے میڈیکل اسٹور کی جگہ سے اسپتال سے فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ وہیں کانگریس نے حکومت کی کوششوں کو صرف اعلان تک محدود قرار دیا ہے ۔


مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ کہتے ہیں کہ حکومت بلیک  فنگس کے مریضوں کے علاج اور ان کے لئے ضروری انجیکشن کی فراہمی کو لے کر فکر مند ہے ۔ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے ساتھ اندور، جبلپور، ریوا اور دوسرے شہروں میں مریضوں کے علاج کو یقینی بنانے کے لئے کام کیا جا رہاہے ۔ آج ہی دوہزار انجیکشن مدھیہ پردیش میں منگوائے گئے ہیں ۔ انجیکشن کو اسٹیٹ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ سے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کا کام کیا جارہا ہے اور اس کی کالا بازاری کو روکنے کے لئے احکام بھی جا ری کئے ہیں ۔ اب  بلیک فنگس کے مریضوں کو لگنے والے ایمفوٹریسین انجیکشن راست طور پر میڈیکل اسٹور سے نہیں ملیں گے ۔ بلکہ جن اسپتالوں میں بلیک فنگس کے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے وہاں سے انہیں فراہم کیا جائے گا۔


مدھیہ پردیش کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر پی سی شرما کہتے ہیں کہ حکومت صرف اعلان کررہی ہے اور اعلان سے کچھ نہیں ہونے والا ہے ۔ میں یہ کہہ دوں کہ یہاں پر بلیک فنگس کے مریضوں کا علاج ہوگا اور دس بیڈ لگادوں تو کیا اس سے مسئلہ حل ہو جائے گا ۔ میں پوچھنا چاہتاہوں کہ بلیک فنگس کے مریضوں کے لئے لگنے والے ضروری انجیکشن کہاں ہے ۔ بیماری کب سے دستک دے رہی ہے اور حکومت میٹنگ پہ میٹنگ اور اعلان پر اعلان کر رہی ہے۔ ایسے میں سب مر جائیں گے تب دوائیں آئیں گی کیا۔


انہوں نے مزید کہا کہ مدھیہ پردیش سب میں اول ہے تو موتوں کے معاملے میں بھی سرکار نے نمبر ایک پر پہنچا دیا ہے ۔ حکومت کی اس عدم توجہی کے لئے عوام اسے کبھی معاف نہیں کریں گے ۔

 
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: May 17, 2021 07:32 PM IST