ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

نیوز ایٹین اردو کی خبر کا اثر: محکمہ تعلیم نے تسلیم کی اپنی غلطی، اردو طلبا کو 26 جولائی تک فارم داخل کرنے کی دی مہلت

نیوز ایٹین کی خبر کے بعد راجیہ اوپن اسکول نے اپنی ویب سائٹ پر نہ صرف رک جانا نہیں منصوبہ میں اردو کو شامل کیا ہے بلکہ اردو طلبا کو چھبیس جولائی تک پورٹل کے ذریعہ فارم داخل کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔

  • Share this:
نیوز ایٹین اردو کی خبر کا اثر: محکمہ تعلیم نے تسلیم کی اپنی غلطی، اردو طلبا کو 26 جولائی تک فارم داخل کرنے کی دی مہلت
علامتی تصویر

بھوپال۔ اردو طلبا کے وسیع مفاد میں بلند کی گئی نیوز ایٹین اردو کی خبر نے ایک بار پھر اپنا اثر دکھایا ہے۔ ایم پی بورڈ کے ہائی اسکول کے اردو میڈیم طلبا کو رک جانا نہیں منصوبہ سے محروم کئے جانے پر نیوز ایٹین اردو نے بیس جولائی کو خبر شائع کی تھی جس کا نتیجہ ہے کہ محکمہ تعلیم نے نیوزایٹین اردو کی خبرکو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اردو میڈیم کے طلبا کو چھبیس جولائی تک رک جانا نہیں منصوبہ میں فارم داخل کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔


واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں رک جانا نہیں منصوبہ کا آغاز آج سے پانچ سال قبل شیوراج سنگھ حکومت نے اس وقت کیا تھا جب ہائی اسکول اور ہائیر سیکنڈری کے بورڈ امتحان  میں بڑی تعداد میں طلبا ناکامی کے سبب خودکشی کرلیا کرتے تھے ۔ حکومت نے ہائی اسکول اور ہائیر سیکنڈری کے امتحان میں ناکام ہونے والے طلبا کو ایک موقع فراہم کرنے کے لئے راجیہ اوپن اسکول کے ذریعہ ایک اور موقع فراہم کرنے کے لئےخاکہ تیار کیا تھااور اس کے ذریعہ دوسری زبانوں کے طلبا کے ساتھ اردو میڈیم طلبا کی ایک بڑی تعداد بھی کامیابی حاصل کرتی تھی ۔ لیکن اس سال ہائی اسکول کے  بورڈ نتائج کے بعد راجیہ اوپن اسکول نے اپنی ویب سائٹ پر رک جانا نہیں اسکیم کا اعلان تو کیا لیکن اس میں اردو طلبا کے لئے کوئی جگہ نہیں رکھی گئی بلکہ اردو طلبا کو مدرسہ بورڈ سے امتحان دینے کے لئے دباؤ بنایا جانے لگا ۔ نیوز ایٹین کی خبر کے بعد راجیہ اوپن اسکول نے اپنی ویب سائٹ پر نہ صرف رک جانا نہیں منصوبہ میں اردو کو شامل کیا ہے بلکہ اردو طلبا کو چھبیس جولائی تک پورٹل کے ذریعہ فارم داخل کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔




بھوپال کانگریس ایم ایل اے عارف مسعود جنہوں نے اس معاملے میں نیوز ایٹین اردو کی خبر کے بعد سی ایم اور چیف سکریٹری کو خط لکھ کر اپنا احتجاج درج کیا تھا اور اردو طلبا کو رک جانا نہیں منصوبہ میں شامل کرنے کی مانگ کی تھی۔ اب مادھیمک شکشا منڈل کے ذریعہ جب اردو طلبا کو انکا حق دیدیا گیا ہے تو کانگریس ایم ایل اے عارف مسعود اس کے لئے سی ایم شیوراج سنگھ اور چیف سکریٹری کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ عارف مسعود کہتے ہیں کہ سرکار نے اردو طلبا کو ان کا حق دیا ہے اس کے لئے شکریہ ادا کرتا ہوں لیکن جن لوگوں نے اردو طلبا کو رک جانا نہیں منصوبہ سے باہر کیا تھا ابھی تک ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی ہے اور جب تک کاروائی نہیں کی جاتی ہے ان کی تحریک جاری رہے گی۔

وہیں مدھیہ پردیش ادھونک مدرسہ کلیا ن سنگھ کے سکریٹری صہیب قریشی کہتے ہیں کہ ہم تو اپنی کوشش سے نا کام ہوگئے تھے لیکن نیوز ایٹین اردو کی خبر نے اپنا اثر دکھایا ہے۔ اس کے لئے نیوز ایٹین اردو کے سبھی اسٹاف کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے وہ کم ہے۔ اب اردو کے طلبا پورے صوبہ میں رک جانا نہیں منصوبہ میں شامل ہوکر امتحان دے سکیں گے اور اپنی محنت سے ایک روٹھی قسمت کو منانے کی کوشش کرینگے ۔ اردو طلبا سے گزارش ہے کہ وہ بنا کسی دیرکئے ہوئے راجیہ اوپن اسکول کے پورٹل پر جاکر اپنا فارم داخل کریں اور حکومت کے ذریعہ انہیں ہائی اسکول کے امتحان میں ایک بار پھر شامل ہونے کا جو سنہری موقع دیاگیا ہے اس کا فائدہ اٹھائیں۔

مدھیہ پردیش مدرسہ بورڈ کے سابق چیرمین پروفیسر عماد الدین کہتے ہیں کہ اس معاملے کو سیاست سے جوڑنے کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی ۔اچھا ہے کہ راجیہ اوپن اسکول نے اردو طلبا کو موقع دیدیا ہے ۔ہماری تو کوشش تھی کہ اردو طلبا مدرسہ بورڈسے فارم داخل کرکے امتحان دیں ۔دونوں کے امتحان کا انعقاد راجیہ اوپن اسکول ہی کرتا ہے ۔ راجیہ اوپن اسکول کے ذریعہ اردو طلبا کو رک جانا نہیں منصوبہ میں شامل کئے جانے کا اعلان کئے جانے سے اردو طلبا کے مرجھائے ہوئے چہرے کھل اٹھے ہیں۔ اس سے پورے صوبہ میں اردو طلبا  کو نہ صرف حوصلہ ملے گا بلکہ اس کے ذریعہ اردو درس و تدریس کا سلسلہ بھی عام ہوگا ۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Jul 22, 2020 06:57 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading