عوام کو بی جے پی سے ہی توقع، ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے: نریندرمودی
وزیراعظم مدھیہ پردیش میں انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے۔
وزیراعظم نے جبل پور میں آج انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو کام کرنے والے سے ہی توقعات ہوتی ہیں اوراس لئے سبھی کو بھارتیہ جنتاپارٹی سے ہی امیدیں ہیں۔
جبلپور: وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ عوام کو کام کرنے والے سے ہی توقعات ہوتی ہیں اور اس لئے سبھی کو بھارتیہ جنتاپارٹی سے ہی امیدیں ہیں۔ نریندرمودی آج مدھیہ پردیش کے جبلپورمیں ریاستی حکومت کے چار وزیروں شاہ پورہ سے پارٹی امیدواراوم پرکاش دھروے، جبلپور شمال سے شرد جین، نرسنگھ پور سے ظالم سنگھ پٹیل اور وجے راگھو گڑھ سے سنجے پاٹھک سمیت پاٹل، جبلپور کینٹ، جبلپور مغربی، برگی، پناگر، سروہی اور گوٹے گاؤں سے پارٹی کے امیدواروں کی حمایت میں انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔
اس دوران وزیراعظم نے کہا کہ کنبے میں بھی جو بیٹا کام کرتا ہے، اس سے امیدیں ہوتی ہیں۔ عوام کو بھی آج بی جے پی سے ہی توقع ہے۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیرکہا کہ ’نٹھلے‘ سے کوئی امید نہیں رکھتا۔ اسی سلسلے میں انہوں نے کہا کہ جو کام کرتا ہے، اس سے غلطی بھی ہوتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات میں بی جے پی نے پائی پائی کا حساب دیا ہے۔ ریاست کے عوام کی ایک غلطی انہیں دوبارہ 55 برس کی بدانتظامی کی بھینٹ چڑھا دے گی۔ انہوں نے مدھیہ پردیش کی شیو راج سنگھ چوہان حکومت کی جم کر تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ جبلپور کو دفاعی ساز و سامان کی تیاری کا ایک اہم مرکز بنایا جائے گا۔
واضح رہے ریاست میں انتخابی تشہیرکل ختم ہوجائے گی۔ پولنگ 28 نومبر کو ہوگی۔ انتخابات کے نتائج 11 دسمبر کو آئیں گے۔ اس بار بی جے پی اورکانگریس میں زبردست مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ اس لئے دونوں پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران جم کرمحنت کررہے ہیں اورایک دوسرے کے خلاف بیان بازی بھی کررہے ہیں تاکہ وہ عوام کو اپنے حق میں کرسکیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔