ہوم » نیوز » مشرقی ہندوستان

چارہ گھوٹالہ: لالو پرساد کو ایک اور معاملہ میں ملی ضمانت، پھر بھی جیل سے نہیں آ سکیں گے باہر

لالو پرساد کی ضمانت کی خبر سے ان کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ پارٹی لیڈران اور کارکنان میں خوشی کا ماحول ہے ۔ ریمس کے کیلی بنگلہ کے باہر ان کے حمایتیوں نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا کر خوشیاں منائیں اور مبارکباد پیش کی۔

  • Share this:
چارہ گھوٹالہ: لالو پرساد کو ایک اور معاملہ میں ملی ضمانت، پھر بھی جیل سے نہیں آ سکیں گے باہر
لالو پرساد یادو کی فائل فوٹو

بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کو آج جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے ۔ چارہ گھوٹالہ سے جڑے تیسرے معاملہ میں لالو پرساد یادو کو ضمانت ملی ہے ۔ آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جسٹس اپریس کمار کی عدالت میں لالو پرساد کی جانب سے داخل کردہ ضمانت کی عرضی پر سنوائی کے دوران انہیں 50 - 50 ہزار روپیہ کے دو نجی مچلکوں اور دو لاکھ روپیہ جرمانہ پر ضمانت دی گئی۔


لالو پرساد کی جانب سے دہلی کے معروف وکیل کپل سبل اور رانچی سے لالو پرساد کے وکیل پربھات کمار نے چائباسہ ٹریزری سے غیرقانونی طریقے سے 37 کروڑ روپیہ نکالے جانے کے معاملہ میں رانچی کی سی بی آئی کورٹ کے ذریعہ لالو پرساد کو مجرم ٹھہراتے ہوئے پانچ سال کی سزا میں سے آدھی سزا کاٹ لینے اور خراب ہوتی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کا مطالبہ کیا۔ اس دوران سی بی آئی کے وکیل نے ضمانت نہ دینے کی دلیل دی تاہم عدالت نے لالو پرساد کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے انہیں ضمانت دے دی۔ ضمانت ہونے سے لالو پرساد کو بڑی راحت ملی ہے لیکن جیل سے رہائی کے لئے لالو پرساد کو مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ دراصل لالو پرساد کو چارہ گھوٹالہ سے جڑے چار معاملوں میں سزا ہوئی تھی۔ ان میں سے اب تک تین معاملوں میں ضمانت مل چکی ہے ۔ چوتھے معاملہ میں ضمانت ملنے کے بعد ہی لالو پرساد کی جیل سے رہائی کا امکان روشن ہو پائے گا۔


چوتھا معاملہ دمکا ٹریزری سے جڑا ہے۔ اس ٹریزری سے بھی غیر قانونی طور پر رقم نکالنے کا مجرم ٹھہراتے ہوئے رانچی کی سی بی آئی عدالت کے ذریعہ سات سال کی سزا دی گئی تھی ۔ لالو پرساد کے وکیل پربھات کمار کے مطابق اس معاملہ میں لالو پرساد آئندہ ٩ نومبر کو آدھی مدت کی سزا پورا کر لیں گے اس کے بعد ہی ہائی کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کی جائے گی۔ پربھات کمار نے انہیں بنیاد پر آئندہ ضمانت ملنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔


لالو پرساد کی ضمانت کی خبر سے ان کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ پارٹی لیڈران اور کارکنان میں خوشی کا ماحول ہے ۔ ریمس کے کیلی بنگلہ کے باہر ان کے حمایتیوں نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا کر خوشیاں منائیں اور مبارکباد پیش کی ۔ واضح رہے کہ آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔ عدالت کی اجازت سے ان کا علاج چل رہا ہے۔ ریمس ڈائریکٹر کی رہائش گاہ کیلی بنگلہ میں قیام پذیر لالو پرساد تقریباً ١٥ مہلک امراض میں مبتلا ہیں۔ ایک بیمار کے طور پر سب سے زیادہ دنوں تک ریمس میں علاج کا ریکارڈ لالو پرساد کے نام ہے۔ ڈاکٹر امیس پرساد کے مطابق لالو پرساد دو سال ایک ماہ سے ریمس میں داخل ہیں۔ تاہم کیلی بنگلہ کے باہر موجود آر جے ڈی کے ریاستی صدر ابھئے کمار سنگھ نے امید جتائی ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات میں آر جے ڈی کو بڑی کامیابی ملے گی اور تیجسوی یادو کی تاج پوشی میں لالو پرساد یادو جیل سے رہا ہو کر شامل ہوں گے۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Oct 09, 2020 05:55 PM IST