وحدت الوجود کی تعلیمات کی روشنی میں وحدت انسانیت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت

Youtube Video

قومی سمینار میں ملک کے ممتاز اردو دانشوروں نے شرکت کی اور وحدت الوجود کے فلسفہ پر روشنی ڈالتے ہوئے وحدت انسانیت کو فروغ دینے اور دل کی کدورتوں کو ختم کرکے محبت کے پیغام کو عام کرنے کی تلقین کی۔

  • News18 Urdu
  • Last Updated :
  • Bhopal, India
  • Share this:
مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام بھوپال ٹرائبل میوزیم میں اردو شعر و ادب میں وحدت الوجود کے عنوان سے قومی سمینار کا انعقاد کیاگیا۔ قومی سمینار میں ملک کے ممتاز اردو دانشوروں نے شرکت کی اور وحدت الوجود کے فلسفہ پر روشنی ڈالتے ہوئے وحدت انسانیت کو فروغ دینے اور دل کی کدورتوں کو ختم کرکے محبت کے پیغام کو عام کرنے کی تلقین کی۔ مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے سمینار میں آ؍ئے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ نصرت مہدی نے اپنے خطاب میں ویدانت اور اپینشد کی تعلیم کے حوالے سے وحدت الوجود کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور انسانیت کو سرخرو کرنے پر زور دیا۔
ممتاز ادیب و محقق شمیم طارق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو شعر و ادب میں ہر عہد میں وحدت الوجود کو خاص مقام حاصل رہا ہے۔ اردو شعرو ادب میں میر و غالب سے لیکر آج کے دور کے شاعروں کے یہاں بھی وحدت الوجود کے فلسفہ پر کام کرتے ہوئے دلوں کو جوڑنے کا کام کیاگیا ہے۔انہوں نے وحدت الوجود پر روشنی ڈالتے ہوئے اقبال،میر،غالب اور پنڈت ہری چند اختر کے اشعار کو بھی پیش کیا۔
ممتاز صحافی و ادیب ڈاکٹر مہتاب عالم نے وحدت الوجود کی معنویت پر روشنی ڈالتے ہوئے وحدت انسانیت کے فروغ کو عصر حاضرکی بڑی ضرورت سے تعبیر کیا۔ڈاکٹر مہتاب عالم نے نہ وحدت الوجود پر رشنی ڈالتے ہوئے ابن عربی سے لیکر یزد بسطامی،رومی،شیخ علی ہجویری،خواجہ اجمیری،حضرت نظام الدین اولیا،بابا فرید،سور،تلسی،کبیر،گرونانک کے افکار و خیالات پر جہاں حاصل گفتگو کی وہیں انہوں نے داراشکوہ اور اس کے ذریعہ سنسکرت سے فارسی میں کئے گئے اپنیشد کے ترجمے پر بھی روشنی ڈالی۔




پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ممتاز مفکر ضیا علوی نے صوفیا کی تعلیم میں وحدت الوجود  اور صلح کل پر روشنی ڈالی۔ اس موقعہ پر مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں کام کرنے والے اردو کوآرڈینٹر کی میٹنگ کا بھی انعقاد کیاگیا اور صوبائی سطح پر اردو کے فروغ کا خاکہ تیار کیا گیا۔ اس موقعہ پر اردو کوآرڈینٹروں کو سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا گیا۔
Published by:Sana Naeem
First published: