بھوپال: اردو کے ذکر کے بغیر نہیں لکھی جا سکتی ہے تحریک آزادی کی داستان
اے ایم یو اولڈ بوائز ایسو سی ایشن ایم پی کے زیر اہتمام بھوپال کوہ فضا میں تحریک آزادی اور اردو زبان کے عنوان سے منعقدہ سمینار میں مدھیہ پردیش کے ممتاز ادیبوں کے ساتھ اسکول اور کالج کے طلبا نے شرکت کی۔ ریاست میں کورونا کی وبا کم ہونےکے بعد یہ پہلا موقعہ تھا جب کسی پروگرام کا انعقاد ورچوئل نہ ہوکر بلکہ ایکچوئل انداز میں کیا گیا تھا۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Jan 20, 2021 11:05 PM IST

بھوپال میں سیمینار کا انعقاد
بھوپال۔ ہندستان کی تحریک آزادی میں اردو زبان کا کردار مثل آفتاب روشن ہے ۔ سترہ سو ستاون سے لیکر انیس سو سینتالیس تک ملک کی آزادی کے لئے اردو زبان کے صحافی،اردو کے شاعر و ادیبوں نےہی بنیادی کردار ادا کیاتھا جس کے سبب ملک میں آزادی کو لیکر ایک ایسا انقلاب پیدا ہوا جس نے حکومت برطانیہ کی جڑوں میں لرزاں طاری کردیا اور انگریز ہندستان کو چھوڑ کر جانے پر مجبور ہوئے ۔مگر یہ بھی وقت کی ستم ظریفی ہے کہ نئی نسل تحریک آزادی اور اردو کے روشن کردار سے واقف نہیں ہے۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایم پی اولڈ بوائز ایسو سی ایشن نے نئی نسل کو اردو اور مجاہدین آزادی کی روشن تاریخ سے روشناس کرانے کے لئے بھوپال سے تحریک کا آغاز کیا ہے۔
اے ایم یو اولڈ بوائز ایسو سی ایشن ایم پی کے زیر اہتمام بھوپال کوہ فضا میں تحریک آزادی اور اردو زبان کے عنوان سے منعقدہ سمینار میں مدھیہ پردیش کے ممتاز ادیبوں کے ساتھ اسکول اور کالج کے طلبا نے شرکت کی۔ ریاست میں کورونا کی وبا کم ہونےکے بعد یہ پہلا موقعہ تھا جب کسی پروگرام کا انعقاد ورچوئل نہ ہوکر بلکہ ایکچوئل انداز میں کیا گیا تھا۔
سمینار میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے ممتاز ادیب و شاعر ڈاکٹر انجم بارہ بنکوی نے کہا کہ اردو تھی اس لئے آزادی کے متوالوں میں یہ جوش یہ اور جذبہ ملک کی آزادی کو لیکر تھا،زمانہ لاکھ چاہے تحریک آزادی سے اردو کے نام کو مٹایا نہیں جا سکتا ہے۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی نسل کو اردو زبان اور مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو منظم انداز میں بتایا جائے۔میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسو سی ایشن ایم پی یونٹ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ایک ایسے موضوع کا انتخاب کیا جس سے ہم خود بھی سبق لیں گے اور نئی نسل کی ذہن سازی کا کارنامہ بھی انجام دیں گے۔
اے ایم یو اولڈ بوائز ایسو سی ایشن کے اہم رکن تسنیم حبیب کہتے ہیں کہ ایسو سی ایشن نے اپنی سماجی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے یہ قدم اٹھایاہے۔ آج ہم نے تحریک آزادی اور اردو زبان کو لیکر سمینار کا انعقاد کیا ہے۔ چھبیس جنوری کو مجاہدین آزادی اور چھبیس جنوری کی اہمیت کے عنوان سے نمائش اور پروگرام کا انعقاد ہوگا ۔ تیس جنوری کو بابائے قوم مہاتما گاندھی اور اردو زبان کے عنوان سے سمینار کا انعقاد ہوگا۔ مقصد یہ ہے کہ ہم نئی نسل کو مجاہدین آزادی اور اردو زبان کی تاریخ سے واقف کرا سکیں اور اپنے قیمتی ورثے کو نئی نسل میں منتقل کر سکیں ۔ہمیں خوشی ہے کہ امید سے زیادہ طلبا نے شرکت کی اور اپنے پیپر پیش کئے۔