ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

بنگلورو کی مسجد اہل حدیث چار مینار نے قائم کی نئی مثال ، ہر طرف ہورہی تعریف ، جانیں کیوں

چارمینار مسجد کے خطیب وامام مولانا اعجاز احمد ندوی نے کہا کہ ہرماہ ایک جمعہ کا چندہ طبی اسکیم کیلئے مختص کیا جاتا ہے ۔ مسجد کے مصلی اس کاز کیلئے دل کھول کرچندہ دیتے ہیں ۔

  • Share this:
بنگلورو کی مسجد اہل حدیث چار مینار  نے قائم کی نئی مثال ، ہر طرف ہورہی تعریف ، جانیں کیوں
بنگلورو کی مسجد اہل حدیث چار مینار نے قائم کی نئی مثال ، ہر طرف ہورہی تعریف ، جانیں کیوں

بنگلورو کے شیواجی نگر میں واقع چار مینار مسجد نے خدمت خلق کی خوشنما اور خوبصورت مثال قائم کی ہے۔ اس مسجد نےجمعہ کے چندہ اورمسجد کی آمدنی کے ذریعہ غریب مریضوں کو مالی مدد فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ مسجد کے تحت گزشتہ پانچ سالوں سے انسانیت کی یہ عظیم خدمت انجام دی جارہی ہے۔ طبی امداد فراہم کرنے کے پانچ سال مکمل ہونے پر مسجد کے احاطہ میں تقریب منعقد ہوئی ۔ اس تقریب میں مسجد کمیٹی نے ہندو، سکھ اور عیسائی مذاہب کے رہنماؤں کو خصوصی طور پر مدعو کیا۔ تاکہ دیگر مذاہب کے رہنما مسجد کے اندرکا ماحول  دیکھیں اور ساتھ ہی مسجد کے ذریعہ انجام دی جانے والی سماجی خدمت کا مشاہدہ کریں۔اس موقع پرمسجد آئے مہمانوں کے ہاتھوں سے 200 سے زائد مریضوں کو مالی مدد کے چیک تقسیم کئےگئے۔


بنگلوروکے مسلم اکثریتی علاقہ شیواجی نگر کی مرکزی مسجد اہل حدیث چارمینار تجارتی علاقے میں واقع ہے ۔ پانچ سال قبل اس مسجد کی کمیٹی نے چند مریضوں کومالی مدد فراہم کرنےکا سلسلہ شروع کیا تھا۔ ہرسال امداد پانے والے مریضوں کی  تعداد بڑھتی گئی ۔ اب یہاں ہر ماہ 225 مریضوں میں 2 لاکھ 75 ہزارروپئے کی مالی مدد دی جارہی ہے ۔ امداد پانے والوں میں نہ صرف مسلمان بلکہ بڑی تعداد میں ہندو اور دیگر مذاہب کے افراد شامل ہیں ۔ مسجد کمیٹی کے صدر قاسم منصوراحمد قریشی نے کہا کہ 86 مریضوں کا تعلق برادران وطن سے ہے ۔ یہ ماہانہ امداد  کِڈنی کے مرض میں مبتلا مریضوں کو دی جاتی ہے ۔ مسجد کمیٹی کے صدر نے کہا کہ کِڈنی کے مرض میں مبتلا مریضوں کو وقت وقت پر ڈیالسیس کروانا ہوتا ہے۔  غریب مریضوں کو راحت فراہم کرنے کی یہ ایک چھوٹی سی کوشش ہے۔


چارمینار مسجد کے خطیب وامام مولانا اعجاز احمد ندوی نے کہا کہ ہرماہ ایک جمعہ کا چندہ طبی اسکیم کیلئے مختص کیا جاتا ہے ۔ مسجد کے مصلی اس کاز کیلئے دل کھول کرچندہ دیتے ہیں ۔ چندہ جات کے علاوہ مسجد کو حاصل ہونے والی آمدنی کا کچھ حصہ اس طبی اسکیم پرخرچ کیا جاتا ہے۔ مسجد کے تحت ہورہی اس سماجی خدمت کی ہرجانب سے ستائش کی جارہی ہے ۔ تقریب میں موجود فادرمارٹن نے کہا کہ مسلم بھائیوں کی یہ سماجی خدمت قابل رشک ہے۔ سکھ مذہب کے نمائندہ بلجیت سنگھ نے کہا کہ یہاں مریض کا نہ دھرم دیکھا جارہاہے ، نہ ذات اور نہ زبان ۔ چارمینار مسجد نے انسانیت کی ایک عمدہ مثال قائم کی ہے ۔ جین مذہب کے مہیندر سنگھ نے کہا کہ پھولوں کی نگری بنگلورو میں چارمینار مسجد کمیٹی نے سارے مسلمانوں کا نام اونچا کردیا ہے۔ ترقی پسند ادیب بی گوپال نے کہا کہ تمام مذہبی ادارے اس طرح کی سماجی خدمت انجام دیں۔

First published: Mar 20, 2020 10:37 PM IST