مودی بیرون ملک غلط معلومات دے رہے ہیں، جو دل میں آتا ہے بول جاتے ہیں : کانگریس

نئی دہلی۔ کانگریس نے وزیراعظم نریندرمودی پر غیرممالک میں ملک کے بارے میں غلط اور گمراہ کن معلومات دینے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہاکہ وہ ایسی تصویر پیش کررہے ہیں کہ جیسے ان کے اقتدار میں آنے کے بعد ہی ہندوستان میں ترقی ہوئی ہے۔

Sep 28, 2015 06:14 PM IST | Updated on: Sep 28, 2015 06:15 PM IST
مودی بیرون ملک غلط معلومات دے رہے ہیں، جو دل میں آتا ہے بول جاتے ہیں : کانگریس

نئی دہلی۔ کانگریس نے وزیراعظم نریندرمودی پر غیرممالک میں ملک کے بارے میں غلط اور گمراہ کن معلومات دینے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہاکہ وہ ایسی تصویر پیش کررہے ہیں کہ جیسے ان کے اقتدار میں آنے کے بعد ہی ہندوستان میں ترقی ہوئی ہے۔

کانگریس کے سینئر ترجمان اور راجیہ سبھا میں پارٹی کے نائب صدر آنند شرما نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ مسٹر مودی نے تقریباَ تمام ممالک کے دوروں کے دوران خود کو اس طرح پیش کیا ہے جیسے ہندستان کی ترقی صرف ان کے آنے کے بعد ہی ہوئی ہے ۔ ان کے وزیراعظم بننے سے قبل ملک میں کچھ کام نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک کی خوشحالی سے وابستہ حصولیابیوں کا سہر اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ بھول گئے کہ ملک میں اطلاعات کی تکنیک کے محرک سابق وزیراعظم راجیو گاندھی ہیں۔ گروپ۔ 4کے جن ممالک کی حمایت حاصل کرنے کے لئے وہ پیٹھ تھپتھپا رہے ہیں وہ سبھی ملک پہلے ہی ہندستان کے حامی رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی حکومت آنے کے بعد ہندستان کو حمایت دینے کے معاملے میں ہمارا پرانا دوست روس غیرجانبدار بن گیا ہے ۔ مودی سرکار کو اس کا جواب دینا چاہئے۔

کانگریس کے ترجمان مسٹر شرما نے الزام لگایا کہ مسٹر مودی اعدادو شمار کے حساب سے صحیح تیاری کے ساتھ غیرممالک نہیں جارہے ہیں اور جو دل میں آتا ہے بول رہے ہیں۔ مسٹر مودی امریکہ سے ملک میں راست غیرملکی سرمایہ کاری کو 80کھرب ڈالر کی موجودہ سطح سے بڑھاکر 200کھرب ڈالر کرنے کی بات کررہے ہیں لیکن یہ صحیح نمبر نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کی موجودہ سطح 25 ارب ڈالر ہے۔

Loading...

انہوں نے کہاکہ ملک کی معیشت کے مضبوط ہونے کا جو مسٹرمودی دعوی کررہے ہیں غلط ہے۔ صحیح بات یہ ہے کہ مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک کی اقتصادی ترقی میں کمی آئی ہے۔ ملازمتوں کے مواقع کم ہوئے ہیں اور ڈالر کے مقابلے روپے کی شرح بہت زیادہ نیچے آئی ہے جبکہ وہ پہلے دعوی کرتے تھے کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد ڈالر کو 40روپے کی سطح تک لے آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ دنیا کے دوسرے ممالک کی میڈیا مسٹر مودی کی کوریج نہیں کررہی لیکن وہ جہاں بھی جاتے ہیں مودی مودی کے نعرے لگتے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سب اسپانسرڈہوتا ہے اور اس کی جانچ ہونی چاہئے کہ جو لوگ یہ نعرے لگاتے ہیں انہیں غیرممالک بھیجنے کا خرچ کون اٹھا رہا ہے۔ مسٹر شرما نے کہاکہ وزیراعظم غریبی کے بارے میں بہت کچھ بولتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ امیروں کے ساتھ رہتے ہیں۔ امریکہ میں ایک دن میں انہوں نے کئی ڈریس بدلیں جبکہ امریکہ کے صدر پورے دن ایک ہی ڈریس پہنے رہے۔

Loading...