دگ وجے سنگھ نے پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کو بتایا’ حادثہ‘، ائیر اسٹرائک پر بھی پوچھے سوال

دگ وجے سنگھ نے جیش محمد کے دہشت گردانہ کیمپ پر ہندوستانی فضائیہ کے حملے کو لے کر ٹویٹ میں لکھا کہ پلوامہ’ حادثہ‘ کے بعد ہماری فضائیہ کے ذریعہ کئے گئے فضائی حملہ کے بعد کچھ بیرونی میڈیا میں شبہ پیدا کیا جا رہا ہے

Mar 05, 2019 12:47 PM IST | Updated on: Mar 05, 2019 12:54 PM IST
دگ وجے سنگھ نے پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کو بتایا’ حادثہ‘، ائیر اسٹرائک پر بھی پوچھے سوال

کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ: فائل فوٹو

سینئر کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ نے پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کو حادثہ بتا کر ایک بار پھر تنازع کو جنم دے دیا ہے۔ دگ وجے سنگھ نے جیش محمد کے دہشت گردانہ کیمپ پر ہندوستانی فضائیہ کے حملے کو لے کر ٹویٹ میں لکھا کہ پلوامہ’ حادثہ‘ کے بعد ہماری فضائیہ کے ذریعہ کئے گئے فضائی حملہ کے بعد کچھ بیرونی میڈیا میں شبہ پیدا کیا جا رہا ہے جس سے حکومت ہند کی معتبریت پر بھی سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔

دگ وجے سنگھ نے یکے بعد دیگرے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’’ ہمیں اپنی فوج پر، اس کی بہادری پر فخر ہے اور پورا بھروسہ ہے۔ فوج میں میں نے اپنے متعدد واقف کاروں اور قریب کے رشتہ داروں کو دیکھا ہے کہ کس طرح سے وہ اپنے کنبوں کو چھوڑ کر ہماری حفاظت کرتے ہیں۔ ہم ان کا احترام کرتے ہیں لیکن پلوامہ حادثہ کے بعد فضائیہ کے ذریعہ کئے گئے ’ فضائی حملے‘ کے بعد کچھ بیرونی میڈیا میں شبہ پیدا کیا جا رہا ہے جس سے ہماری حکومت ہند کی معتبریت پر بھی سوالیہ نشان لگ رہا ہے‘‘۔

Loading...

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’وزیر اعظم جی، آپ کی حکومت کے کچھ وزرا کہتے ہیں کہ 300 دہشت گرد مارے گئے۔ بی جے پی صدر کہتے ہیں 250 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ کہتے ہیں 400 دہشت گرد مارے گئے ہیں اور آپ اس موضوع پر خاموش ہیں‘‘۔

یہ بھی پڑھیں: فضائی حملہ پر بولے چدمبرم۔ حکومت پر بھروسہ کرنے کو تیار، لیکن یہ 300 مرنے والوں کی تعداد کس نے بتائی

انہوں نے آگے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’’ ملک جاننا چاہتا ہے کہ اس میں جھوٹا کون ہے۔ مودی جی سوال نہ سیاست کا ہے نہ اقتدار کا۔ سوال ان روتی بلکتی بہنوں کا ہے جنہوں نے اپنے بھائی کھوئے ہیں، سوال اس ماں کا ہے جس کے لاڈلے کی شہادت ہوئی ہے اور سوال اس بیوہ کا ہے جس نے اپنا شوہر کھویا ہے۔ ان کے سوالوں کا جواب آپ کب دیں گے‘‘؟۔

دگ وجے سنگھ کا ٹویٹ دگ وجے سنگھ کا ٹویٹ

کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ  مودی اور بی جے پی فضائیہ کی کارروائی کو انتخابی موضوع بنانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا،’’آپ اور آپ کی پارٹی کے سینئر لیڈر فوج کی کامیابی کو جس طرح سے صرف بی جے پی کی کامیابی ثابت کرکے انتخابی موضوع بنانے کی کوشش کررہے ہیں وہ ہمارے ملک کی سلامتی سے وابستہ اہلکاروں کی بہادری اور قربانی کی توہین ہے۔ ملک کا ہر شہری ہندوستانی فضائیہ اور سارے سکیورٹی اہلکاروں کا احترام کرتا ہے‘‘۔

اس سے پہلے بھی بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری، کانگریس لیڈر پی چدمبرم، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی سمیت اپوزیشن کے کئی لیڈران ائیر اسٹرائک کو لے کر حکومت سے سوال پوچھ چکے ہیں اور مودی حکومت سے فضائی حملے کے ثبوت دینے کی مانگ کی ہے۔

Loading...