نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو احتجاجی مظاہرہ کے لئے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے پرانی پارٹی نے اس کے ذریعہ خفیہ طریقے سے ’خوشنودی‘ کی پالیسی کو آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار پارٹی ہونے کے ناطے انہیں تعاون کرنا چاہئے، نہ کہ اس طرح سے لا اینڈ آرڈر کے لئے پریشانی کھڑی کرنی چاہئے۔
مرکزی وزیر نے کانگریس کے احتجاج کے دن سے متعلق بھی سوال کھڑے کئے۔ انہوں نے کہا، ’آج تو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کسی کو نہیں بلایا، پھر پتہ نہیں کانگریس نے اچانک کیوں احتجاجی مظاہرہ کیا‘۔ ای ڈی کی حالیہ کارروائی پر مرکزی وزیر نے کہا کہ سبھی کو لا اینڈ آرڈر کا احترام کرنا چاہئے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ دراصل کانگریس اپنے آج کے احتجاجی مظاہرہ کے ذریعہ یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ رام جنم بھومی کی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ آج ہی کے دن وزیر اعظم نریندر مودی نے رام جنم بھومی کا افتتاح کیا تھا۔ اس دوران کہیں پر بھی ملک میں فساد نہیں ہوا تھا۔ کانگریس نے شاید اسی لئے کالے کپڑے پہن کر احتجاج کرنے کے لئے آج کے دن کا انتخاب کیا اور یہ پیغام دیا کہ وہ رام جنم بھومی کی مخالفت کرتے ہیں‘۔
کانگریس نے مہنگائی، بے روزگاری اور کئی کھانے پینے کی اشیاء پر جی ایس ٹی (سامان اور سروس ٹیکس) کے دائرے میں لائے جانے کے خلاف جمعہ کے روز احتجاج کیا، جس کے بعد پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی لیڈران اور 60 سے زیادہ اراکین پارلیمنٹ کو حراست میں لے لیا گیا۔ حالانکہ سبھی بعد میں رہا کردیئے گئے۔ پارٹی کے احتجاج میں شامل ہوئے لیڈران نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔
راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاوس سے راشٹرپتی بھون کے لئے مارچ نکالا۔ حالانکہ پولیس نے انہیں بیچ میں ہی روک دیا اور حراست میں لے لیا۔ کانگریس نے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ اس کے تحت کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے اراکین اور پارٹی کے سینئر لیڈران کی وزیر اعظم ہاوس کا ‘گھیراو کرنے‘ کا منصوبہ تھا۔ پارٹی کے کئی لیڈر اور کارکن اسی کے لئے کانگریس ہیڈ کوارٹر میں جمع ہوئے تھے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔