ہوم » نیوز » مشرقی ہندوستان

کورونا وائرس کے خوف سے پٹنہ میں چکن کا کاروبار ٹھپ ، قیمت میں آئی بھاری گراوٹ

سبزی باغ میں نیو کوالیٹی چکن اسٹور، کلکتیہ چکن اسٹور ، چاندنی چکن اسٹور پر لوگ لائن میں کھڑے ہوکر خریدتے تھے ، مگر اب حالت یہ ہے کہ ان اسٹورز پر بھی خریدار کے لالے پڑگئے ہیں ۔

  • Share this:
کورونا وائرس کے خوف سے پٹنہ میں چکن کا کاروبار ٹھپ ، قیمت میں آئی بھاری گراوٹ
کورونا کے خوف سے پٹنہ میں چکن کا کاروبار ٹھپ ، قیمت میں آئی بھاری گراوٹ

پٹنہ کے سبزی باغ ، عالم گنج ، سلطان گنج ، سمن پورا اور دیگر مسلم محلوں میں چکن چالیس روپے کلو بک رہا ہے ۔ کاروبار سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں کورونا جیسے کسی وائرس کا پتہ نہیں تھا ، لیکن جب سے لوگوں تک کورونا پہنچا ہے ، چکن کا کاروبار ٹھپ ہوگیا ہے ۔ ایک سو پچیس روپے سے لے کر ایک سو پچاس روپے کلو ملنے والا چکن اب صرف چالیس روپے فروخت ہورہا ہے ۔ خاص بات یہ ہے کہ قیمت کم ہونے پر بھی چکن کے خریداروں کی تعداد زیادہ نہیں بڑھ رہی ہے ۔ ایسے میں پہلے سے اسٹاک میں رکھے مرغے کو کسی طرح سے فروخت کرنے کا تاجروں کے سامنے چیلینج پیدا ہوگیا ہے ۔


حالانکہ ماہرین کا دعویٰ ہے کہ مرغے سے کورونا کا کوئی لینا دینا نہیں ہے ، پھر بھی لوگ احتیاط کے طور پر مرغے سے دوری بنا کر رکھ رہے ہیں ۔ مرغے سے لوگوں کی دوری تاجروں کو بھاری پڑ رہی ہے ۔ اب ان کے سامنے مسئلہ پیدا ہوگیا ہے کہ مرغا بکےگا نہیں تو گھر میں دال روٹی کا انتظام کس طرح سے ہوگا ، علاوہ ازیں جو پہلے سے اسٹاک میں ہے اس کا کیا ہوگا۔


لوگوں کو راغب کرنے کیلئے چکن کاروباری باقاعدہ مائک کے ذریعہ یہ اعلان کر رہے ہیں کہ چالیس روپے کلو چکن ہے خرید لو ، کسی دکان پر لوگ کم قیمت پر مل رہے مرغوں کو خریدنے پہنچ رہے ہیں ، لیکن زیادہ تر دکانوں پر سناٹا پسرا ہے ۔ سبزی باغ میں نیو کوالیٹی چکن اسٹور، کلکتیہ چکن اسٹور ، چاندنی چکن اسٹور پر لوگ لائن میں کھڑے ہوکر خریدتے تھے ، مگر اب حالت یہ ہے کہ ان اسٹورز پر بھی خریدار کے لالے پڑگئے ہیں ۔ چکن کاروبار سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ ابھی پٹنہ میں چکن کا ریٹ مزید کم ہوگا ۔

First published: Mar 21, 2020 11:05 PM IST