ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

کورونا وائرس : تلنگانہ میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع

کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں اب تک کورونا وائرس سے 14 اموات ہوئی ہیں اور فی الحال ایکٹیو کیسز کی تعداد 393 ہے ۔

  • Share this:
کورونا وائرس : تلنگانہ میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع
وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ ۔ فائل فوٹو

وزیر اعلی کے چندرشیکھرراؤ نے تلنگانہ میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیراعلی کے چندر شیکھر راو نے کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر 30 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کے مطابق 30 اپریل کے بعد مرحلے وار طریقہ سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔


کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں اب تک کورونا وائرس سے 14 اموات ہوئی ہیں اور  فی الحال ایکٹیو کیسز کی  تعداد  393 ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 96 افراد کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ اب تک ریاست میں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی کل تعداد 503 ہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ مختلف مراکز میں 1654 افراد کو الگ تھلگ رکھا گیا ہے ۔ جبکہ 25937 افراد جن کو مختلف مراکز میں الگ تھلگ رکھا گیا تھا ۔ انہیں مقررہ مدت کی تکمیل کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔


کے سی آر نے  کہا کہ ریاست میں جملہ 243 کورونا ہاٹ اسپاٹس کو کنٹینمنٹ ایریاز قرار دیتے ہوئے اس کی حد بندی کی گئی ہے  ، جن میں جی ایچ ایم سی حدود کے 123مقامات ہیں ۔ ان ایریاز میں عوام کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔  وزیراعلی نے امکان ظاہر کیا کہ 24 اپریل تک ریاست تلنگانہ کورونا سے پاک ہوجائے گی ۔ تاہم احتیاطی طور پر لاک ڈاؤن کو تیس اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے ۔ تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ اس لاک ڈاون پر سختی سے عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ۔

First published: Apr 11, 2020 11:20 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading