ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

Coronavirus Outbreak : جے پور میں ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ، ہندوستانی بحریہ نے ملتوی کی بڑی بحری مشق

دنیا بھر میں مہلک وائرس كووڈ ۔ 19 کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر بحریہ نے تقریباً 40 ممالک کی بحریہ کے ساتھ اس ماہ ہونے والی ان کی بڑی مشق ملن ملتوی کر دی ہے۔

  • UNI
  • Last Updated: Mar 03, 2020 10:33 PM IST
  • Share this:
Coronavirus Outbreak : جے پور میں ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ، ہندوستانی بحریہ نے ملتوی کی بڑی بحری مشق
علامتی تصویر

جے پور میں ایک مریض میں منگل کے روز کورونا وائرس کووڈ۔19 کا انفیکشن ہونے کی تصدیق کے بعد ملک میں اس وائرس سے متاثر لوگوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔ ان کے علاوہ مزید چھ مریضوں کے نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ دہلی اور تلنگانہ کے ایک ایک شخص میں پیر کے روز کووڈ۔19 کے انفیکشن کی تصدیق ہوئی تھی ۔ اس طرح دو دن کے دوران تین لوگوں میں یہ وائرس پایا گیا ہے۔


اس سے پہلے چین کے ووہان میں اس وائرس کا اثر جب بڑھنا شروع ہوا تھا ، اسی وقت کیرالہ میں تین مریضوں میں اس کی تصدیق ہوئی تھی ، جو ووہان میں تعلیم حاصل کررہے تھے ۔ ٹھیک ہونے کے بعد تینوں کی اب اسپتال سے چھٹی ہوچکی ہے۔ دہلی میں کووڈ۔19 سے متاثر مریضوں کے ساتھ اٹلی کے دورے پر گئے ایک کاروباری کنبے کے آگرہ میں رہ رہے چھ رشتے داروں کے وائرس سے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔ سبھی کو دہلی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کے خون کے نمونے پنے بھیجے گئے ہیں ۔


بحریہ کی ملن مشق ملتوی


دنیا بھر میں مہلک وائرس كووڈ ۔ 19 کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر بحریہ نے تقریباً 40 ممالک کی بحریہ کے ساتھ اس ماہ ہونے والی ان کی بڑی مشق ملن ملتوی کر دی ہے۔ ملن مشق 19 سے 28 مارچ تک وشاكھاپٹنم میں منعقد کی جانی تھی اور اس میں امریکہ اور روس سمیت 41 ممالک کی بحریہ شرکت کرنے والی تھی ۔ یہ پہلا موقع تھا جب ملن مشق میں ممالک کی اتنی بڑی تعداد حصہ لے رہی تھی ۔ بحریہ کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر لیا گیا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کی یہ اپیل

وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور کہا ہے کہ مختلف وزارتیں اور ریاستی حکومتیں مل کر اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں ابھی اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

اعلی سطحی میٹنگ طلب

اس دوران حکومت نے کورونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لئے بدھ کو اعلی سطحی میٹنگ بلائی ہے۔ مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میں مختلف اسپتالوں کے ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ کارپوریشنوں کے عہدیدار بھی موجود رہیں گے۔
First published: Mar 03, 2020 10:33 PM IST