உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    22 اضلاع میں ایک ماہ سے بڑھ رہے ہیں کورونا کے معاملات ، مرکز نے کہا : ہم تھک چکے ہیں ، مگر وائرس نہیں

    22 اضلاع میں ایک ماہ سے بڑھ رہے ہیں کورونا کے معاملات ، مرکز نے کہا : ہم تھک چکے ہیں ، مگر وائرس نہیں ۔ (ANI/27 July 2021)

    India Coronavirus Update: مرکزی وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے کہا کہ گیارہ مئی سے کورونا کے اوسط یومیہ نئے معاملات میں مسلسل گراوٹ درج کی گئی ہے ۔

    • Share this:
      نئی دہلی : کورونا وائرس ختم ہونے سے ابھی کافی دور ہے اور پوری دنیا میں کورونا کے معاملات پھر تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔ مرکزی وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے کہا کہ گیارہ مئی سے کورونا کے اوسط یومیہ نئے معاملات میں مسلسل گراوٹ درج کی گئی ہے ۔ حالانکہ اس کے ساتھ ہی مرکز نے کورونا کو لے کر لاپروائی نہ برتنے کا مشورہ بھی دیا اور کہا کہ ہم تھک چکے ہیں ، مگر وائرس نہیں ۔

      لو اگروال نے کہا کہ 22 اضلاع ہیں ، کیرالہ کے سات ، منی پور کے پانچ ، میگھالیہ کے تین اور دیگر ، جہاں گزشتہ چار ہفتوں میں کورونا وائرس معاملات میں اضافہ درج کیا گیا ہے اور یہ تشویش کی بات ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ابھی بھی 62 اضلاع ایسے ہیں ، جہاں روازنہ سو سے زیادہ معاملات سامنے آرہے ہیں ۔ یہ معاملات ان اضلاع کے مقامی اور محدود علاقوں میں سامنے آئے ہیں ۔

      لو اگروال نے کہا کہ کورونا کے معاملات میں گراوٹ کی رفتار کم ہوئی ہے جو کہ تشویش کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ وار اوسط کے اعتبار سے کورونا معاملات میں مسلسل گراوٹ آئی ہے ، لیکن اگر ہم معاملات میں گراوٹ کی شرح کا موازنہ پہلے سے اب تک کریں تو اس کی کمی باعث تشویش ہے ۔ ہم اس سلسلہ میں ریاستوں کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں ۔

      بتادیں کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس  وبا سے متاثر 42 ہزار سے زیادہ مریض صحت مند ہوئے ہیں۔ اسی عرصے کے دوران ایکٹیو کیسز میں 13 ہزار سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے ۔ ملک میں کورونا وائرس کے 29،689 نئے کیسز رپورٹ اور اس وبا کی وجہ سے 415 افراد ہلاک ہوگئے ۔

      اس سے قبل پیر کو کورونا وائرس کے خلاف 66 لاکھ 3 ہزار 112 افراد کو کورونا کے ویکسین لگائے گئے۔ ملک میں اب تک 44 کروڑ 19 لاکھ 12 ہزار 395 افراد کو کورونا کے ویکسین لگائے جاچکے ہیں۔

      مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 29689 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ ہی ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 کروڑ 14 لاکھ 40 ہزار 951 ہوگئی ہے۔ اس دوران 42 ہزار 363 مریضوں کی شفایابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 3،06،21469 ہوگئی ہے۔

      ایکٹیو کیسز 13089 سے گھٹ کر تین لاکھ 98 ہزار 100 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصہ میں 415 مریضوں کی ہلاکت سے اموات کی تعداد چار لاکھ 21 ہزار 382 ہوگئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز کی شرح گھٹ کر 1.27 فیصد ، شفایابی کی شرح 97.39 فیصد اور اموات کی شرح 1.34 فیصد ہوگئی ہے۔

      نیوز ایجنسی یو این آئی کے ان پٹ کے ساتھ ۔ 
      Published by:Imtiyaz Saqibe
      First published: