نئی دہلی : آئی پی ایل 2023 کے 34ویں میچ میں دہلی کیپٹلز نے سن رائزرز حیدرآباد کو اس کے گھر پر سنسنی خیز مقابلے میں 7 رنز سے شکست دیدی۔ حیدرآباد کی ٹیم 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز ہی بنا سکی۔ حیدرآباد کی جانب سے مینک اگروال نے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے۔ واشنگٹن سندر نے آخری اوور تک ٹیم کو جیت دلانے کی پوری کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔ انہوں نے 15 گیندوں میں ناٹ آوٹ 24 رنز بنائے۔ ہینرک کلاسین نے بھی 19 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔ دہلی کیپٹلس کی طرف سے اکشر پٹیل اور اینریک نورکھیا نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ آئی پی ایل 2023 میں حیدرآباد کی یہ لگاتار تیسری شکست ہے۔ دہلی کیپٹلس نے آئی پی ایل کی تاریخ میں اپنے سب سے کم اسکور کا دفاع کیا ہے۔
اس سے پہلے ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی اور دہلی کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 144 رنز ہی بنا سکی۔ پرتھوی شا کو پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں ملی تھی۔ ان کی جگہ پر فل سالٹ نے اوپننگ کی۔ لیکن وہ میچ کی تیسری گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ بھونیشور کمار نے انہیں پویلین کا راستہ دکھایا۔ اس کے بعد مچل مارش نے کچھ ہاتھ کھولے اور تیسرے اوور میں 4 چوکے لگائے۔ لیکن 5ویں اوور میں ٹی نٹراجن نے مارش کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ دہلی نے پاور پلے میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 49 رنز بنائے۔ دہلی کیپٹلس کی جانب سے منیش پانڈے اور اکشر پٹیل نے 34-34 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 21 رنز بنائے۔ دہلی کو سب سے بڑا جھٹکا 8ویں اوور میں واشنگٹن سندر نے دیا۔ انہوں نے اس اوور میں پہلے ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کیا اور پھر سرفراز خان اور امان خان کو بھی آؤٹ کیا۔
اس میچ سے پہلے سندر نے 14.5 اوور کرائے تھے۔ لیکن ایک بھی وکٹ نہیں لے پائے تھے۔ لیکن دہلی کے خلاف 5 گیندوں میں 3 وکٹ لئے۔ آخر میں اکشر پٹیل نے 34 رنز کی اننگز کھیلی اور کسی نہ کسی طرح ٹیم کو 144 رنز تک لے گئے۔ حیدرآباد کے لئے سندر نے 4 اوور میں 28 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں بھونیشور کمار نے 4 اوور میں 11 رن دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی۔ ہیری بروک پھر ناکام ہو گئے اور 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ مینک اگروال کا بھی کیچ ڈراپ ہوا اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاور پلے میں حیدرآباد نے 1 وکٹ کے نقصان پر 36 رنز بنائے تھے۔ لیکن اس کے بعد ٹیم نے وقفے وقفے سے وکٹیں گنوائیں۔ اس کی وجہ سے ٹیم دباؤ میں آگئی اور وہ میچ ہار گئی۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔