نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی کےلیڈر اور لوک سبھا رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے اتوار کو کہا کہ کورونا وبا کے سبب ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے محنت کش طبقہ دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے، ایسے میں اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی طرف سے تین سال تک کےلئے مزدور قوانین کو ملتوی کردینا، ان کے مفادات اور حقوق پر براہ راست حملہ ہے۔ دانش علی نے ایک بیان جاری کرکےکہا کہ حکومت کو ایسے حالات میں سنجیدگی کا اظہار کرنا چاہئے تھا، مزدوروں کے زخموں پر مرہم لگانے کی ضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ اترپردیش کی حکومت کو اپنے اس آمرانہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لینا چاہئے۔ لیبر قوانین کو ختم کرنے سے سرمایہ دارانہ طاقتیں مزید مضبوط ہوں گی ۔ حکومت نے ہمیشہ مزدوروں کے مفادات کو درکنار کرکے امیر طبقات کا ساتھ دیا، جب لاک ڈاؤن میں ملک کا مزدور طبقہ زندگی اور موت کے درمیان جھول رہا ہے، ایسے میں مزدوروں کو سہارا دینے کے بجائے یوگی حکومت نے ان کے مفادات پر حملہ کیا ہے۔

دانش علی نےکہا کہ اترپردیش کی حکومت کو اپنے اس آمرانہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لینا چاہئے۔
بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی نے کہا "مزدور ملک کی تعمیر کی بنیاد ہوتے ہیں۔ حکومت نے ملک کی بنیاد کو مضبوط کرنے کے بجائے کمزور کرنے کا کام کیا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ اب ملک کورونا سے لڑ رہا ہے اور یہ اندازہ نہیں لگایا جا سکتا کہ یہ بحران کب تک جاری رہے گا، جس سے ملک کی اقتصادی حالت بگڑنے کا خدشہ ہے۔ اگر ہم نے مزدوروں کے مفادات کو نظر انداز کیا تو ہم ملک میں صنعتوں کو کیسے چلائیں گے اور اقتصادی صورتحال کو پٹری پر کس طرح لا پائیں گے ۔ آئین ہند کے معمار بابا بھیم راؤ امبیڈکر نے بھی آئین کے ذریعہ مزدور طبقے کو جو حقوق دیے تھے، حکومت انہیں چھیننے کا کام کر رہی ہے۔ ایسے میں مزدوروں کا حکومت سے اعتماد اٹھے گا اور بحران پیدا ہوگا" ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔