
دشینت چوٹالہ کے والد اجے چوٹالہ: فائل فوٹو
نئی دہلی: ہریانہ میں بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جےپی )کےساتھ نئی حکومت میں اپنے 10 ارکان اسمبلی کے ساتھ شامل ہونے کی خوشی کے بیچ جن نائک جنتاپارٹی (جے جے پی )کے سربراہ دشینت چوٹالہ کوان کے والد ڈاکٹر اجے سنگھ چوٹالہ کے دہلی کی تہاڑ جیل سے 14 دن کے فرلو(عارضی رہائی )ملنے کی بھی آج خوشخبری ملی ۔
ڈاکٹرچوٹالہ کےسنیچرشام یااتوارکی صبح جیل سے باہرآنےکا امکان ہے۔ انھوں نےفرلو کے لئےدرخواست دی تھی، لیکن ہریانہ میں اسمبلی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کےنفاذ کی وجہ سے اس پرغورنہیں ہوسکاتھا۔ وہ ہریانہ میں جے بی ٹی ٹیچر زبھرتی گھپلہ کے معاملہ میں قصوروارقراردیئے جانے کے بعد دہلی کی تہاڑ جیل میں دس سال قید کی سزاکاٹ رہے ہیں۔
واضح رہےکہ جے جے پی ریاست میں بی جےپی کےساتھ مخلوط حکومت بنانے جارہی ہے جسکی حلف برداری کی تقریب چنڈی گڑھ میں واقع ہریانہ راج بھون میں ہوگا جہاں وزیراعلی منوہرلال کھٹرکے ساتھ دشینت نائب وزیراعلی کےعہدے کا حلف لیں گے۔
دشینت نے آج یہاں منوہرلال کھٹرکےساتھ راج بھون میں گورنرستیہ دیونارائن آریہ کو حکومت بنانےکا دعوی پیش کرنےکےبعد میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ انھیں اس بات پر انتہائی خوشی ہےکہ ان کےوالد کو جیل سے فرلوملی ہےاور وہ ان کی حلف برداری کی تقریب میں موجودرہیں گے ۔