ہوم » نیوز » وطن نامہ

ایل او سی پر پہنچے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، ہندوستانی فوج نے لگائے ’بھارت ماتا کی جے’ کے نعرے، راجناتھ سنگھ نے کہی یہ بڑی بات

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ دفاع نے فارورڈ پوسٹ کے دورے کے دوران اسلحہ اورگولہ باردو کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نےکہا کہ اس موقع پر وہاں تعینات فوجی جوانوں نے ان کا استقبال فلک شگاف نعروں سے کیا اور بعد ازاں افسروں نے انہیں تازہ سیکورٹی صورتحال کی تفصیلات فراہم کیں۔

  • Share this:
ایل او سی پر پہنچے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، ہندوستانی فوج نے لگائے ’بھارت ماتا کی جے’ کے نعرے، راجناتھ سنگھ نے کہی یہ بڑی بات
ایل او سی پر پہنچے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، ہندوستانی فوج نے لگائے ’بھارت ماتا کی جے’ کے نعرے

سری نگر: مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے لداخ اور جموں و کشمیر کے اپنے دو روزہ دورے کے دوسرے دن ہفتے کے روز سرحدی ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک فارورڈ چوکی کا دورہ کرکے وہاں تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ ملاقات کی۔ ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ موصوف وزیر دفاع نے فارورڈ پوسٹ کے دورے کے دوران اسلحہ اورگولہ باردو کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وہاں تعینات فوجی جوانوں نے ان کا استقبال فلک شگاف نعروں سے کیا اور بعد ازاں افسروں نے انہیں تازہ سیکورٹی صورتحال کی تفصیلات فراہم کیں۔



راجناتھ سنگھ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا: 'جموں و کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ایل او سی کے نزدیک فارورڈ پوسٹ کا دورہ کیا اور وہاں تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ ملاقات کی۔ ہمیں اپنے بہادر اور حوصلہ مند سپاہیوں پر فخر ہے جو ہر صورتحال میں ملک کی حفاظت کرتے ہیں'۔ قابل ذکر ہے کہ راجناتھ سنگھ نے جمعے کے روز دورہ لداخ کے دوران پینگانگ جھیل کے کنارے پر فوجی جوانوں سے خطاب کے دوران کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت بھارت کی ایک انچ زمین کو چھو سکتی ہے نہ اس پر قبضہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دنیا کی کوئی طاقت بھارت کے قومی وقار کو زک پہنچانے کی کوشش کرے گی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب کمزور ملک نہیں ہے اور ہمیں نریندر مودی جیسا طاقت ور وزیر اعظم ملا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر دفاع کے دورے سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ماہ رواں کی 3 تاریخ کوحقیقی کنٹرول لائن کا دورہ کر کے زخمی فوجی اہلکاروں کی عیادت کی تھی۔ وزیر اعظم نے 'نمو' نامی فارورڈ علاقے میں فوجی جوانوں سےخطاب کرتے ہوئے چین کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ دنیا میں توسیع پسندی کی جنگ کا زمانہ ختم ہوچکا ہے بلکہ ترقی کی جنگ کا دور چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ تاریخ گواہ ہےکہ توسیع پسندی کی جنگ لڑنے والوں کو یا تو ہمیشہ شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے یا واپس لوٹنا پڑا ہے۔

نیوز ایجنسی یو این آئی اردو کے اِن پُٹ کے ساتھ۔
Published by: Nisar Ahmad
First published: Jul 18, 2020 06:15 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading