نئی دہلی:دہلی اسمبلی انتخابات 2020 کے نتائج آنےسےقبل ایگزٹ پول کےنتائج نےجہاں عام آدمی پارٹی کی خوشی کو ساتویں آسمان پر پہنچا دیا ہےتو وہیں کانگریس اور بی جے پی کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ تقریباً سبھی ایگزٹ پول میں عام آدمی پارٹی کی سنامی نظر آرہی ہے۔ اس پرنئی دہلی سیٹ سے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو ٹکر دے رہے بی جے پی لیڈر سنیل یادو نے واضح طور پر کہا ہے کہ نئی دہلی سیٹ سے اروند کیجریوال کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا'۔
ایگزٹ پول کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے سنیل یادو نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی کی جیت ہرحال میں ہوگی۔ سنیل یادو نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ نریندر مودی، امت شاہ، جے پی نڈا اور تنظیم نے مجھ پر بھروسہ کیا، اس کے لئے ان کا شکریہ۔ اروند کیجریوال اپنا الیکشن ہاریں گے اورنئی دہلی میں بی جے پی کی جیت یقینی ہے۔ اگر یہ نہیں ہو پایا تو میں کبھی الیکشن نہیں لڑوں گا۔ پوری زندگی صرف تنظیم کے لئے ہی کام کروں گا'۔
دراصل ہر ایگزٹ پول میں یہی بتایا گیا ہے کہ کانگریس کہیں سے بھی لڑائی میں ہے ہی نہیں۔ اس کی کارکردگی 2015 جیسی ہی مایوس کن رہنے والی ہے۔ حالانکہ اس بار بی جے پی کے ووٹ فیصد میں اضافہ ہوا ہے۔ تو وہیں عام آدمی پارٹی اقتدار میں دوبارہ واپسی کرنے جارہی ہے۔ الیکشن میں اہم مقابلہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان دیکھا جارہا ہے۔ ووٹنگ کے بعد آئے سبھی ایگزٹ پول میں عام آدمی پارٹی (آپ) کے دوبارہ دہلی کے اقتدار پرقابض ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ زیادہ تر سروے ایجنسیوں کا اندازہ ہے کہ 70 نشستوں والے اسمبلی میں عام آدمی پارٹی 55 یا اس سے زیادہ سیٹیں جیت سکتی ہے۔
48 سیٹوں پر ہوگی جیت
دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری ۔ تصویر : اے این آئی ۔
دہلی میں بی جے پی بھلے ہی ایگزٹ پول میں پیچھے رہ گئی ہو، لیکن پارٹی کے بڑے لیڈروں کا دعویٰ ہے کہ بی جے پی ہی اقتدار میں واپسی کرے گی۔ دہلی بی جے پی صدر منوج تیواری کا دعویٰ ہے کہ دہلی میں بی جے پی 48 سیٹیں حاصل کرنے والی ہے۔ منوج تیواری نے ایگزٹ پول کے نتائج کو فیل بتایا ہے۔ منوج تیواری نے ایک دوسرے ٹوئٹ کے ذریعہ کہا ہےکہ یہ سبھی ایگزٹ پول فیل ہوں گے، میرا یہ ٹوئٹ سنبھال کر رکھئے گا۔ بی جے پی دہلی میں 48 سیٹ لے کرحکومت بنائے گی۔ ای وی ایم کو مورد الزام ٹھہرانے کا ابھی سے بہانہ نہ تلاش کریں۔ ماڈل ٹاؤن سے بی جے پی امیدوار کپل مشرا نے بھی ایگزٹ پول کے دعووں کو غلط بتایا ہے۔ کپل مشرا نے کہا ہے کہ سبھی ایگزٹ پول کے نتائج غلط ثابت ہونے والے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔