دہلی: انسانی گوشت کھانے کی شک میں بھیڑ نے چھ غیر ملکی شہریوں کو مارا
دہلی کے دوارکا میں جمعرات کی رات افواہ پھیل گئی کہ کچھ غیر ملکی شہری گھر میں انسانی گوشت کھا رہے ہیں
- News18 Urdu
- Last Updated: Nov 23, 2018 03:47 PM IST

علامتی تصویر
دہلی کے دوارکا علاقہ میں انسانی گوشت کھانے کے شک میں چھ غیر ملکی شہریوں کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جن غیر ملکی شہریوں کے ساتھ مارپیٹ کی گئی ہے، ان میں سے چار تنزانیائی خواتین اور دو نائیجیریائی مرد ہیں۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے کسی طرح غیر ملکی شہریوں کو بچایا۔ پولیس نے مار پیٹ کا معاملہ درج کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ فی الحال کسی کی گرفتاری نہیں کی گئی ہے۔
جانکاری کے مطابق، دہلی کے دوارکا میں جمعرات کی رات افواہ پھیل گئی کہ کچھ غیر ملکی شہری گھر میں انسانی گوشت کھا رہے ہیں۔ یہ بات علاقہ میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کی بھیڑ غیر ملکی شہریوں کے گھر کے باہر جمع ہو گئی۔
بھیڑ میں موجود لوگوں نے پہلے تو انہیں باہر نکالا پھر ان کے ساتھ مار پیٹ کی۔ اس حادثہ میں چار تنزانیائی خواتین اور دو نائیجیریائی مرد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے تحقیقات میں پایا کہ اس حادثہ سے کچھ وقت قبل ہی ایک خاندان نے اپنے بچے کے اغوا کی شکایت کی تھی۔ لوگوں نے اسی شک میں غیر ملکی شہریوں کی پٹائی کی۔ پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔