Delhi News: محمد زبیر کی گرفتاری کے خلاف محمود مدنی نے لکھا وزیر داخلہ کو خط، کیا یہ مطالبہ
Delhi News: محمد زبیر کی گرفتاری کے خلاف محمود مدنی نے لکھا وزیر داخلہ کو خط، کیا یہ مطالبہ
Delhi News: صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی نے وزیر داخلہ کو ایک مکتوب بھی ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مجھے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تفریق پر مبنی کارروائی سے شکایت ہے ۔
نئی دہلی : جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے آلٹ نیوز کے فاونڈر محمد زبیر کی گرفتاری کے پس پشت منشا پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ دہلی پولس کی یہ کارروائی سچائی پر حملہ اور امتیازی سلوک پر مبنی ہے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ آلٹ نیوز کا کام جھوٹی اور فیک انفارمیشن کے پھیلاو کے دور میں سچائی کو چھانٹ پھٹک کر پیش کرنا ہے ، جو درحقیقت ملک کی بہت بڑی خدمت ہے ۔ ہمارا یہ بہت ہی تلخ تجربہ رہا ہے کہ جھوٹی خبروں نے ہمارے معاشرے کی ہم آہنگی کو کافی متاثر کیا ہے اور ان کے درمیا ن بارہا دراڑ پیدا کرکے عداوت کی فضا قائم کی ہے ، اس لیے جو بھی ادارہ اس طرح کا عمل انجام دیتا ہے ، اس کا استقبال ہو نا چاہئے ۔
اس سلسلے میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی نے وزیر داخلہ کو ایک مکتوب بھی ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ’’ مجھے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تفریق پر مبنی کارروائی سے شکایت ہے ۔ ایک طرف کھلے عام نفرت انگیز تقاریر کرنے والے آزاد گھوم رہے ہیں تو دوسری طرف نفرت پھیلانے والوں کو بے نقاب کرنے کی کوشش کرنے والے والے صحافیوں کو ہراساں اور ڈرایا جا رہا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جن لوگوں پر دوسروں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام ہے، قانون کی دفعات کے مطابق ان سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے، تاہم اس سلسلے میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہو نا چاہئے ۔ موجودہ معاملہ میں ہم واضح امتیازی سلوک کا مشاہدہ کرتے ہیں، جن پر روک لگانے کی آپ کی آئینی ذمہ داری ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ آنجناب اس معاملہ میں انصاف کا معاملہ کریں گے ۔
مولانا مدنی نے کہا کہ ملک کے انصاف پسند افراد یہ محسوس کرنے میں حق بجانب ہیں کہ جناب پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کرنے والے افراد اب تک گرفتار نہیں ہوئے، ایسا لگتا ہے کہ پولیس ان کو گرفتار کرنے میں کوئی دل چسپی نہیں رکھتی ، جو انتہائی افسوس ناک ہے ۔اس لیے ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکار منصفانہ کارروائی کو عمل میں لائے اور ملک کے وقار وسالمیت اور بین الاقوامی معاہدوں و اقرار ناموں کی قدر کرے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔