نئی دہلی: دہلی کی پٹیالہ ہاوس کورٹ نے لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے کے الزام میں پانچ افراد کو بری کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ کسی پاکستانی شخص سے اور اس سے متعلق موبائل فون اور سم کارڈز کی محض برآمدگی دہشت گردی کی سازش کو ثابت کرنے کے لئے کافی نہیں ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر رانا نے محمد شاہد، محمد راشد، عصاب الدین، عبدالسبحان اور ارشد خان کو بری کر دیا، جن پر سیکشن 120B انڈین پینل کوڈ اور یو اے پی ایکٹ سیکشن 18, 18B, 20 عائد تھیں۔
اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ ”آپس میں بات چیت کرنے یا پاکستانی نمبر سے بات کرنے کے لئے استعمال ہونے والے موبائل فون اور سم کارڈز کی محض بازیابی، کسی سازش کو ثابت کرنے کے لئے کافی نہیں ہے۔" جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے مقررکردہ وکیل دفاع سینئر ایڈوکیٹ منندر سنگھ نے بجا طور پر نشاندہی کی ہے کہ ریکارڈ پر ایسا کچھ نہیں ہے، جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ مذکورہ پاکستانی نمبر خوفناک دہشت گرد جاوید بلوچی کا ہے۔ آئی او منیش چندرا نے اعتراف کیا ہے کہ کسی بھی پاکستانی نمبر کے حوالے سے ضروری معلومات جمع کرنا ممکن ہے، تو پھر تفتیشی ایجنسی کی جانب سے موبائل نمبر کی ملکیت سے متعلق تفصیلات جمع کرنے کی کوشش کیوں نہیں کی گئی۔"

عبدالسبحان و دیگر نے بری ہونے کے بعد آٹھ سال تک قید ناحق کی سزا سے رہائی کے بعد دفتر جمعیۃ علماء ہند پہنچ کر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی سے ملاقات کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
عدالت کے سامنے ملزم عبدالسبحان سے متعلق وکیل استغاثہ (تحقیقاتی ایجنسیوں) نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ عبدالسبحان اور ملزم عصاب الدین عرف شوکت (عبدالسبحان کی بہن کا بیٹا) 2011 میں راجستھان کے ضلع بھرت پور کے گوپال گڑھ میں فرقہ وارانہ فسادات سے کافی متاثر تھے، جس میں ایک خاص برادری سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد مارے گئے تھے۔ عبدالسبحان کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کا رکن تھا اور مذکورہ فسادات نے اس کے جذبہ جہاد کو بھڑکا دیا۔
استغاثہ کے مقدمے کے مطابق، عبدالسبحان جہاد کرنے کے اپنے ارادوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے محمد راشد سے ملا جو ایک انتہائی حوصلہ مند شخص بتایا جاتا ہے۔ عبدالسبحان نے محمد راشد کو ’جہاد‘ کے لئے قائل کیا۔ عبدالسبحان نے جاوید اور صابر کو جو میوات کے رہنے والے تھے، کو بھی جوڑنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ اس کے ساتھ شامل نہیں ہوئے۔
عبدالسبحان نے اپنا منصوبہ محمد راشد کو بتا دیا۔ راشد نے جہاد کے لئے رقم اکٹھی کرنے کے لئے ایک تاجر کو اغوا کرنے کا ارادہ ظاہر کیا اور یہ رقم دبئی میں جاوید بلوچی کی مدد سے حوالات کے ذریعے حاصل کی جائے گی۔ اس نے راشد کو بتایا کہ جاوید بلوچی سے بات کرنے کے لئے راشد فرضی شناخت پر موبائل فون کنکشن/سم کارڈ کا بندوبست کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں۔اعظم خان کو ملی ضمانت، لیکن جیل میں ہی رہیں گے سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈران تمام الزامات اور یو اے پی اے ایکٹ 18 کے مبینہ جرم کے سلسلے میں ملزمین کے خلاف ریکارڈ پر موجود ثبوتوں کا جائزہ لینے کے بعد، عدالت نے نوٹ کیا کہ استغاثہ کے ورزن میں بڑی بڑی خامیاں ہیں۔ ایسا کوئی مضبوط ثبوت نہیں ہے، مقدمے کی سچائی ثابت کرنے لئے کافی ہو۔ کسی معتبر ثبوت کے بجائے صرف قیاس آرائیوں سے کام لیا گیا ہے۔ عدالت نے یہ بھی ریکارڈ کیا کہ استغاثہ جاوید بلوچی کی شناخت کو ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ مجھے یہ بتانے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے کہ تفتیشی ایجنسی نے جاوید بلوچی کے نام سے مشہور ہستی کی شناخت قائم کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ جاوید بلوچی کے نام سے کوئی شخص واقعی پاکستان میں موجود ہے یا نہیں یا کوئی شرارتی شخص فرضی شناخت کے تحت کام کر رہا ہے۔"
یہ بھی پڑھیں۔جموں وکشمیر: شہریوں پر فائرنگ کرکے فرار ہوئے دہشت گرد، سیکورٹی اہلکاروں نے گھیرا علاقہمذکورہ بحث کے پیش نظر عدالت نے استغاثہ کے مقدمے میں کوئی میرٹ نہیں پایا اور ملزمان کو بری کر دیا۔" مجھے یقین ہے کہ استغاثہ ریکارڈ پر یہ ثابت کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے کہ ملزمین کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کے رکن ہیں، اس لئے وہ یو اے پی اے ایکٹ کے تحت الزام سے بری ہونے کے مستحق ہیں۔"
عدالت کے اس فیصلے کے بعد فوری طور سے ملزم عبدالسبحان و دیگر بری ہوگئے، وہ تحصیل نگینہ ضلع میوات کے رہنے والے ہیں، آٹھ سال تک قید ناحق کی سزا سے رہائی کے بعد دفتر جمعیۃ علماء ہند پہنچ کر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی سے ملاقات کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی اور قانونی معاملات کے انچارج مولانا نیاز احمد فاروقی سے بھی ملاقات کی۔ جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے قانونی معاملات کے پیروکار ایڈوکیٹ محمد نوراللہ اس معاملے میں کافی سرگرم رہے۔ واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند دہشت گردی کے الزام میں بند بے قصور گرفتار شدگان کے مقدمات کی پیروی کرتی ہے، جمعیۃ کی کوشش سے اب تک سینکروں افراد مقدمات سے بری ہوئے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔