اپنی اہلیہ کے ساتھ گھریلو تشدد کے معاملے میں سومناتھ بھارتی گرفتار

نئی دہلی۔ اپنی بیوی کے ساتھ گھریلو تشدد کے معاملے میں سپریم کورٹ سے سرزنش کے بعد کل دیر رات خودسپردگی کرنے والے دہلی کے سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی کو دہلی پولیس نے آج علی الصبح گرفتار کر لیا۔

Sep 29, 2015 01:06 PM IST | Updated on: Sep 29, 2015 01:06 PM IST
اپنی اہلیہ کے ساتھ  گھریلو تشدد کے معاملے میں سومناتھ بھارتی گرفتار

نئی دہلی۔ اپنی بیوی کے ساتھ گھریلو تشدد کے معاملے میں سپریم کورٹ سے سرزنش کے بعد کل دیر رات خودسپردگی کرنے والے دہلی کے سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی کو دہلی پولیس نے آج علی الصبح  گرفتار کر لیا۔

سپریم کورٹ سے ضمانت کی درخواست خارج ہو جانے اور خودسپردگی کرنے کے حکم کے بعد بھارتی نے کل رات تقریبا ًساڑھے دس بجے دوارکا کے سیکٹر 23 میں واقع تھانے میں پولیس کے سامنےخودسپردگی کی تھی۔

Loading...

سومناتھ بھارتی کے خلاف ان کی بیوی لپكا نے گھریلو تشدد کرنے کا معاملہ درج کرایا ہے۔ پولیس نے ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 307 (قتل کی کوشش)، 313 (جبراً اسقاط حمل کرانا)، 324 (خطرناک ہتھیار سے نقصان پہنچانا)، 417 (جعلسازی)، 420 (دھوکہ دہی)، اور 498 (جہیز کے لئے اذیت پہنچانا) سمیت کئی دیگر دفعات میں معاملہ درج کیا ہے۔

دہلی پولیس آج دوپہر بعد بھارتی کو سپریم کورٹ میں پیش کرسکتی ہے۔ دہلی پولیس کے جنوب ۔مغربی علاقے کے جوائنٹ کمشنر دیپیندر پاٹھک کے مطابق سومناتھ بھارتی کوآج علی الصبح تقریباً چار بجے باقاعدہ گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری سے قبل انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے خودسپردگی کے حکم سے قبل وہ قانونی رائے حاصل کرنے میں مصروف تھے اور عدالت کی ہدایت ملنے کے بعد وہ یہاں حاضر ہوگئے ہیں۔

ذرائع کا خیال ہے کہ سابق وزیر قانون اور مالویہ نگر حلقے سے عام آدمی پارٹی (آپ) کے ممبر اسمبلی سومناتھ بھارتی سے پولیس نے کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ پیشے سے وکیل بھارتی پولیس کے کئی سوال کے جواب دینے سے گریز کرتے رہے۔

Loading...