قومی راجدھانی دہلی میں رونما حالیہ واقعات کے پیش نظر دہلی پولیس کمشنر کو ایک خصوصی طاقت دی گئی ہے ۔ رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس کو نیشنل سیکورٹی ایکٹ ( این ایس اے ) 1980 کے تحت 19 جنوری سے 18 اپریل 2020 تک کیلئے ایمرجنسی ڈیٹینشن پاور دی گئی ۔ تاہم ٹائمس آف انڈیا نے وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالہ سے ایک خبر دی ہے کہ دہلی پولیس کمشنر کو این ایس اے کے تحت حراست میں لینے کی طاقت دینا ایک معمول کی کارروائی ہے ، جس کی تجدید وقتا فوقتا کی جاتی رہی ہے ۔
خیال رہے کہ نیشنل سیکورٹی ایکٹ کے تحت اگر کسی شخص کے بارے میں اتھاریٹی کو لگتا ہے کہ وہ قومی سیکورٹی اور لا اینڈ آرڈر کیلئے خطرہ ہے ، تو اس شخص کو احتیاطی طور پر کچھ مہینوں کیلئے حراست میں لیا جاسکتا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قومی راجدھانی دہلی میں پرزور احتجاج ہورہے ہیں اور اگلے ماہ دہلی میں اسمبلی انتخابات بھی ہونے والے ہیں ۔ دہلی میں 8 فروری ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ یہی نہیں قومی راجدھانی میں واقع یونیورسٹیوں میں تشدد کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں ۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کیمپس میں کچھ دنوں پہلے ہی ایسے واقعات پیش آئے تھے ۔
پانچ جنوری کو نقاب پوش افراد نے لاٹھی اور لوہے کی راڈ سے جے این یو کیمپس میں طلبہ اور اساتذہ پر حملہ کردیا تھا اور یونیورسٹی کے املاک کو بھی نقصان پہنچایا تھا ، جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کو کیمپس میں پولیس بھی بلانی پڑ گئی تھی ۔ اس پرتشدد واقعہ میں طلبہ یونین کی صدر آئیشی گھوش سمیت کم از کم 35 طلبہ اور اساتذہ زخمی ہوگئے تھے ۔
اسی طرح 15 دسمبر کو شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران بھی قومی راجدھانی کی مشہور یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نزدیک تشدد کے واقعات پیش آئے تھے ۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوگئی تھیں ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔