ہوم » نیوز » وطن نامہ

حوض قاضی کے قصورواروں کے خلاف کارروائی ہوگی: دہلی پولیس کمشنر امولیہ پٹنائک

  • Share this:
حوض قاضی کے قصورواروں کے خلاف کارروائی ہوگی: دہلی پولیس کمشنر امولیہ پٹنائک
دہلی پولیس کمشنر امولیہ پٹنائک کی فائل فوٹو

دہلی پولیس کمشنر امولیہ پٹنائک نے جمعہ کو پرانی دہلی کے تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں کو یقین دلایا کہ تشدد پھیلانے کے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پٹنائک نے تشددسے متاثرہ علاقوں میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور سینئر پولیس افسران کے ساتھ مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ تشدد کے پیچھے جن لوگوں کا ہاتھ ہے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


دہلی پولیس کمشنر امولیہ پٹنائک نے دونوں فرقوں کے لوگوں سے بات چیت کی اور انہیں ایک دوسرے کے مابین ہم آہنگی اور بھائی چارہ بنائے رکھنے کے لئے بھی کہا۔ دہلی پولیس کمشنر نے بدھ کو وزیر داخلہ امت شاہ کو صورتحال سے واقف کرایا اور انہیں بتایا کہ سیکورٹی نظام میں اضافہ کرکے حالات کو کنٹرول کرلیا گیا ہے۔مرکزی وزیر صحت اور چاندنی چوک سے رکن پارلیمان ہرش وردھن نے منگل کی صبح کشیدہ علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ صبح چاندنی چوک کے لال کنواں میں واقع قدیم درگا مندر کے درشن کئے۔ مندر میں ہوئی توڑ پھوڑ سے دل بے چین ہوا ہے۔ میں نے مقامی لوگوں سے بات چیت کرکے پورے معاملہ کے بارے میں معلوم کیا اور انہیں یقین دلایا کہ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔


خیال رہے کہ حوض قاضی علاقہ میں اتوار کو معمولی تنازعہ کے بعد مذہبی مقام میں توڑ پھوڑ کے معاملہ میں دہلی پولیس نے دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور ایک نابالغ کوبھی پکڑا ہے۔واضح رہے کہ حوض قاضی میں مندرکو نقصان پہنچنے کے معاملے میں شاہی مسجد فتحپوری کے امام مفتی مکرم احمد نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں پولیس اچھا کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندرمیں جو بھی نقصان ہوا ہے، اس کو علاقے کے آرڈبلیواے کے لوگ (ہندو - مسلمان) مل کرمرمت کرائیں گے۔


مفتی مکرم احمد نے نیوز 18 سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ علاقے کے جوذمہ دارلوگ ہیں، وہ لوگ اس معاملے کو زیادہ طول نہیں دینا چاہتے ہیں۔ وہ لوگوں سے برابربھائی چارہ اورامن کی اپیل کررہے ہیں، لیکن باہرکے لوگ آکرڈرامہ کررہے ہیں۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا پرویڈیو بناکر اپ لوڈ کررہے ہیں جبکہ پرانی دہلی علاقہ کے لوگ باہرکے لوگوں کی مداخلت نہیں چاہتے ہیں۔
First published: Jul 06, 2019 10:23 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading