உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    مارننگ واک پر گئی خواتین سے کرتا تھا ایسی "گندی حرکت" ، دہلی پولیس کا ایس آئی گرفتار

    خواتین سے چھیڑ چھاڑ کا ملزم دہلی پولیس کا سب انسپکٹر پنیت گریوال ۔ (فائل فوٹو)

    خواتین سے چھیڑ چھاڑ کا ملزم دہلی پولیس کا سب انسپکٹر پنیت گریوال ۔ (فائل فوٹو)

    دہلی پولیس کے مطابق 100 پولیس اہلکاروں کی ٹیم نے 100 سے زیادہ سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالی اور 350 گرے کلر کی گاڑیوں کی دوارکا علاقہ کے آس پاس تلاشی لی ، جس کے بعد پولیس ملزم شخص تک پہنچ سکی اور اس کو گرفتار کیا ۔

    • Share this:
      جب محافظ ہی شیطان بن جائے تو پھر تحفظ کی فریاد کس سے کریں ۔ ایسا ہی ایک معاملہ دہلی کے دوارکا علاقہ میں پیش آیا ہے ، جہاں دہلی پولیس کے ایک تیز طرار سب انسپکٹر پر مارننگ واک پر جانے والی یا سائیکلنگ کیلئے نکلنے والی خواتین سے چھیڑ چھاڑ کا سنگین الزام لگا ہے ۔ اس معاملہ کے سامنے آنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔ حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ ملزم دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کا سب انسپکٹر ہے جو فی الحال ٹریفک پولیس کے ڈی سی پی آفس میں اٹیچ ہے ۔

      معلومات کے مطابق ایک متاثرہ خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے ساتھ ہوئی فحش حرکت کے بارے میں بتایا ، جو اب کافی وائرل ہورہا ہے ۔ اس کے بعد دہلی پولیس حرکت میں آئی اور اس نے متاثرہ کے وومین ہیلپ لائن نمبر پر کئے کال کی بنیاد پر معاملہ درج کیا ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ 17 اکتوبر کی صبح دوارکا سیکٹر 11 کے ڈی ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس سے دشہرہ گراونڈ جانے والی روڈ پر گرے کلر کی ایک کار میں سوار شخص نے مارننگ واک کرنے والی اور سائیکلنگ کرنے والی تین خواتین اور لڑکیوں کے سامنے فحش حرکت کی ۔

      متاثرہ کے ذریعہ لگائے گئے الزامات کے مطابق کار سوار شخص نے ان کے سامنے اپنے پرائیویٹ پارٹ کو فلیش کیا ۔ ایک خاتون نے تو یہ بھی الزام لگایا کہ اس کو زبردستی کھینچنے کی کوشش بھی کی گئی ۔ دوارکا ساوتھ تھانہ میں خواتین کی شکایت پر تین الگ الگ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں ۔ متاثرہ خواتین نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نوجوان گرے کلر کی کار میں سوار تھا اور اس کار پر نمبر پلیٹ بھی نہیں تھی ۔ ساتھ ہی کار کا پچھلا شیشہ ٹوٹا ہوا تھا ۔

      ایک شکایت کنندہ نے اس دوران موبائل فون سے شوٹ کیا ویڈیو بھی پولیس کو دستیاب کرایا ۔ ویڈیو میں کار نظر آرہی ہے ، جس کے بعد دہلی پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کار کو ٹریس کیا ۔ دہلی پولیس کے مطابق 100 پولیس اہلکاروں کی ٹیم نے 100 سے زیادہ سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالی اور 350 گرے کلر کی گاڑیوں کی دوارکا علاقہ کے آس پاس تلاشی لی ، جس کے بعد پولیس ملزم شخص تک پہنچ سکی اور اس کو گرفتار کیا ۔ پوچھ گچھ میں انکشاف ہوا کہ ملزم شخص دہلی پولیس کا ہی ایک ایس آئی ہے ، جس کا نام پنیت گریوال ہے ۔

      پولیس نے بتایا کہ ملزم ایس آئی سال 2011 بیچ کا ہے اور دہلی کے جنک پوری علاقہ میں رہتا ہے ۔ دوارکا ضلع پولیس نے اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرنے کیلئے ڈی سی پی اسپیشل سیل کو خط بھیجا ہے ۔ ساتھ ہی اس کو نوکری سے برخاست کرنے کی بھی کارروائی شروع ہوگئی ہے۔  پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اس کو عدالت میں پیش کیا ، جہاں سے اس کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے ۔
      Published by:Imtiyaz Saqibe
      First published: