ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

دہلی تشدد : طاہر حسین کو عدالت نے سات دنوں کی پولیس ریمانڈ پر بھیجا ، لگا ہے یہ سنگین الزام

خفیہ محکمہ ( آئی بی ) کے اہلکار انکت شرما کے قتل کے ملزم طاہر کو لے کر دہلی پولیس کی ٹیم دیر شام کڑکڑڈوما عدالت میں پہنچی ۔

  • UNI
  • Last Updated: Mar 06, 2020 08:07 PM IST
  • Share this:
دہلی تشدد : طاہر حسین کو عدالت نے سات دنوں کی پولیس ریمانڈ پر بھیجا ، لگا ہے یہ سنگین الزام
دہلی تشدد : طاہر حسین کو عدالت نے 7 دنوں کی پولیس ریمانڈ پر بھیجا ، لگا ہے یہ سنگین الزام

دہلی کی کڑکڑڈوما عدالت نے شمال مشرقی دہلی کے فسادات کے ملزم عام آدمی پارٹی (آپ) سے نکالے گئے کونسلر طاہر حسین کو جمعہ کو سات دنوں کی پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔ خفیہ محکمہ ( آئی بی ) کے اہلکار انکت شرما کے قتل کے ملزم طاہر کو لے کر دہلی پولیس کی ٹیم دیر شام کڑکڑڈوما عدالت میں پہنچی ۔ معاملہ کی سماعت کے بعد عدالت نے اسے سات دنوں کے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ اس سے پہلے جمعرات کو ضلع اور سیشن جج سدھیر کمار جین نے نہرو نگر سے سابق کونسلر طاہر کی عبوری ضمانت عرضی یہ کہتے ہوئے خارج کردی کہ ملزم کی طرف سے کوئی عدالت میں حاضر نہیں ہوا ۔ طاہر نے منگل کو عبوری ضمانت کےلئےعرضی دائر کی تھی۔


دوسری جانب راؤز ایونیو میں واقع خصوصی عدالت میں خودسپردگی کی عرضی خارج ہونے کے بعد طاہر کو دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے جمعرات کو گرفتار کرلیا ۔ طاہر پر خفیہ محکمہ کے جوان کے قتل کے علاوہ فسادات کا بھی الزام ہے ۔ اس سلسلہ میں تین ایف آئی آر درج کی گئی ہیں ۔



دہلی تشدد میں شامل ہونے کا الزام جھیل رہے طاہر اس طرح کے کسی بھی واقعہ میں شامل ہونے سے مسلسل انکار کرتے رہے ہیں ۔ اب اس معاملہ میں دہلی پولیس طاہر کے بیان کی بنیاد پر بھی ان سے پوچھ تاچھ کرے گی ۔ دہلی پولیس کے اے سی پی اجیت کمار سنگلا نے انکشاف کیا تھا کہ واقعہ کی جانچ کے دوران ملزم طاہر کی بھی بات سنی جائے گی ۔

واضح رہے کہ آئی بی کے جوان انکت کی لاش چاند باغ کے نالے سے 26 فروری کو ملی تھی۔ انکت کو بڑی بے رحمی سے قتل کیا گیا تھا ۔ شہریت ترمیمی قانون (سی اےاے) کے مسئلہ پر پچھلے ہفتہ شمال مشرقی دہلی کے کئی علاقوں میں فسادات ہوئے تھے ۔ کئی گھروں ، دکانوں اور دیگر اداروں کو فسادیوں نے آگ کے حوالے کردیا تھا۔
First published: Mar 06, 2020 08:07 PM IST