تقریبا ساڑے تین سال کے وقفہ کے بعد کرناٹک میں اسٹیٹ وقف بورڈ کی تشکیل عمل میں آئی ہے ۔ ڈاکٹر محمد یوسف وقف بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں ۔ بنگلورو میں آج وقف بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کیلئےالیکشن ہوا ۔ بورڈ کے 10 ارکان کے درمیان ووٹنگ ہوئی ۔ ریجنل کمشنر بنگلورو کی نگرانی میں منعقدہ اس الیکشن میں ڈاکٹر محمد یوسف کو 6 ووٹ جبکہ مولانا شافعی سعدی کو 4 ووٹ ملے ۔ اس طرح ڈاکٹر محمد یوسف دوسری مرتبہ کرناٹک وقف بورڈ کے چیرمین منتخب ہوئے ۔ راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر سید ناصرحسین ، سابق ریاستی وزیر تنویر سیٹھ ، کلبرگی کی رکن اسمبلی کنیز فاطمہ اور وقف بورڈ کے دیگر ارکان اس موقع پر موجود تھے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری ابراہیم آڈور، وقف بوڈر کے سی ای او اصلاح الدین گدیال نے الیکشن کی کارروائی میں حصہ لیا ۔ بیلٹ باکس میں خفیہ ووٹنگ کے ذریعہ انتخاب کی کارروائی عمل میں آئی ۔
کرناٹک ریاستی وقف بورڈ کے نئے چیئرمین ڈاکٹر محمد یوسف ایک صنعتکار ہیں ۔ ویٹرنری سائنس میں ڈگری مکمل کرنے والے محمد یوسف دوسری مرتبہ وقف بورڈ کی کمان سنبھال رہے ہیں۔ اپنی سابقہ معیاد میں انہوں نے وقف بورڈ کے ذریعہ کئی اسکیمیں نافذ کی ہیں ۔ دوبارہ چیئرمین منتخب ہونے کے بعد نیوز 18 اردو سے خاص بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر یوسف نے کہا کہ وہ اپنے انتخاب پر وقف بورڈ کے تمام ارکان ، ریاست کے تمام متولیوں ، مساجد اور درگاہ کمیٹیوں ، وقف اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں اوقافی جائدادوں کی ترقی اور حفاظت کیلئے جلد ہی ایک روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔
ڈاکٹر یوسف نے کہا کہ موجودہ وقف بورڈ میں ناصر حسین ، تنویرسیٹھ جیسی اہم شخصیات موجود ہیں ، لہذا وقف بورڈ اوقافی امور سے وابستہ تمام مسائل کوفوری طور پر حل کرنے کی کوشش کرے گا۔ ڈاکٹرمحمد یوسف نے کہا کہ وہ وقف اراضی پرغریبوں کیلئے مکانات تعمیر کرنے کی اسکیم شروع کریں گے ۔ مبینہ وقف گھوٹالوں پرانور مانپاڈی کی رپورٹ کے سلسلے میں پوچھے گئے سوال پر ڈاکٹر یوسف نے کہا کہ وہ اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ اسمبلی میں جوفیصلہ لیا جائے گا ، وہ اس کو تسلیم کریں گے ۔ واضح رہے کہ بی جے پی کے لیڈراور کرناٹک اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین انور مانپاڈی نے مبینہ وقف گھوٹالوں پر رپورٹ مرتب کی ہے ۔ اس رپورٹ میں زیادہ تر کانگریس کے لیڈروں کے نام ہونے کے اشارے مل چکے ہیں۔
اس موقع پر قاتلانہ حملے میں بچ کر روبہ صحت ہونے والے میسور کے رکن اسمبلی تنویر سیٹھ نے بھی میڈیا سے خطاب کیا ۔ لیجسلیچر زمرے سے وقف بورڈ کے رکن منتخب ہونے والے تنویرسیٹھ نے کہا کہ عوام کا یہ دباؤ تھا کہ وہ وقف بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں ، لیکن ناساز طبعیت کی وجہ سے انہوں نے ڈاکٹر یوسف کوچیئرمین کے عہدے کیلئےترجیح دی ۔ راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر سید ناصر حسین نے کہا کہ وقف بورڈ کے تمام ارکان مل جل کام کریں گے۔ ملک اور ملت کی فلاح و بہبودی کیلئے وقف املاک کے تحفظ اور ترقی کیلئے خدمت کریں گے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔