دہرادون۔ اتراکھنڈ میں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے احتجاج کے دوران مبینہ طور پر لاٹھیاں مار مار کر گھوڑے کی ٹانگ توڑ دی۔ اس معاملے میں ممبر اسمبلی گنیش جوشی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واقعہ کی تصاویر سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہوئیں اور لوگوں نے بےزبان پر اس قدر لاٹھی برسانے پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور ممبر اسمبلی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دراصل ممبر اسمبلی گنیش جوشی نے پیر کو پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ اسمبلی کا گھیراؤ کیا اور جم کر مظاہرہ کیا۔ واقعہ کے کچھ گھنٹوں بعد دو ویڈیو سامنے آئے جن میں سے ایک میں گھوڑے کی پچھلی ٹانگ ٹوٹی ہوئی دکھائی دے رہی ہے جبکہ دوسرے میں مسوری سے بی جے پی کے رکن اسمبلی گھوڑے پر سامنے سے ایک لاٹھی سے حملہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد وزیر اعلی ہریش راوت کے میڈیا مشیر سریندر کمار نے الزام لگایا کہ ایک بےزبان جانور جوشی کے ظلم کا شکار ہو گیا۔

وہیں اپوزیشن پارٹی نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ گھوڑے پر لاٹھیاں برسانے کے الزامات پر ایم ایل اے گنیش جوشی نے اسمبلی میں صفائی دی اور کہا کہ انہوں نے گھوڑے پر لاٹھی نہیں چلائی، بلکہ گھوڑے کو صبح سے پانی نہیں پلایا گیا اس لیے وہ گر گیا تھا اور میں نے زخمی گھوڑے کو پانی پلا کر اسے کھڑا کرنے کی کوشش کی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔