ہوم » نیوز » مشرقی ہندوستان

لاک ڈاؤن کے پیش نظر بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ بھی آن لائن کلاسیز کی تیاری میں

بہار میں ایک لاکھ سے زیادہ طلبہ مدرسہ بورڈ کے مدرسوں میں زیر تعلیم ہیں ۔ ایسے طلبہ و طالبات کو بھی نئے تعلیمی سیشن کا فائدہ پہنچے ، اس لئے آن لائن اور ای کلاس کی شروعات ہونے جارہی ہے ۔

  • Share this:
لاک ڈاؤن کے پیش نظر بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ بھی آن لائن کلاسیز کی تیاری میں
لاک ڈاؤن کے پیش نظر بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ بھی آن لائن کلاسیز کی تیاری میں

بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کم وسائل میں بھی طلبہ کی تعلیمی ضرورتوں کو پورا کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے ۔ مدرسہ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ 20 اپریل کے بعد کسی بھی تاریخ سے مدرسہ کے اول کلاس سے لیکر مولوی تک کے طلبہ کے لئے ای کلاس اور آن لائن کلاس کا انتظام کیا جائے گا ۔ بورڈ کے مطابق وہ موبائل ایپ اور فیس بک لائیو کی مدد سے بھی طلبہ تک پہنچنے کی کوشش کریں گے ۔ اس کے ساتھ ہی یوٹیوب پر اساتذہ کا ویڈیو کلاس اپ لوڈ کیا جائے گا ، جس سے جب چاہے مدرسہ کے طلبہ و طالبات فائدہ حاصل کرسکیں گے ۔


دراصل لاک ڈاؤن کے دوران بہار کے زیادہ تراسکولوں میں آن لائن کلاسیز کا انتظام کیا گیا ہے ۔ طلبہ کا تعلیمی سال خراب نہیں ہو ، اس کے مد نظر اسکولوں کی جانب سے آن لائن کلاسیز کی شروعات کی گئی ہے اور اس کا فائدہ بھی ہورہا ہے ۔ اسکولوں کی جانب سے طالب علموں کے گھروں تک نئے تعلیمی سیشن کی کتابوں کو پہنچانے کی قواعد بھی جاری ہے ۔ ایسے اسکول ضلع انتظامیہ سے پاس حاصل کرکے طلبہ کے گھروں تک پہنچ رہے ہیں ۔ مدرسہ بورڈ بھی موبائل ایپ پر مدرسہ کے طلبہ کی کتابوں کو اپ لوڈ کرانے جارہا ہے ، جس کا فائدہ دور دراز کے طلبہ اٹھا سکیں گے ۔ بورڈ کے چیئرمین کے مطابق مدارس کے تعلیمی میعار کو بہتر بنانے کے تعلق سے کئی سطح پر کام کیا جارہا ہے ، جس میں تکنیکی ترقی بھی شامل ہے ۔


بہار میں ایک لاکھ سے زیادہ طلبہ مدرسہ بورڈ کے مدرسوں میں زیر تعلیم ہیں ۔ ایسے طلبہ و طالبات کو بھی نئے تعلیمی سیشن کا فائدہ پہنچے ، اس لئے آن لائن اور ای کلاس کی شروعات ہونے جارہی ہے ۔ کم وسائل میں بھی مدرسہ بورڈ نے جدید تکنیک کا سہارا لے کر طلبہ کی تعلیمی ضرورتوں کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔ مدرسہ بورڈ کے چیئرمین عبد القیوم انصاری نے بتایا کہ مدرسہ کے طلبہ کو بورڈ کے اس قدم سے کافی راحت ملے گی ۔ پٹنہ سمیت پورے صوبہ کے مدارس میں جدید تکنیک سے تعلیم کا ماحول قائم ہوگا ۔ بورڈ کے مطابق یہ تجربہ کامیاب رہا ، تو مستقبل میں بھی مدارس کے تعلیمی ترقی میں جدید تکنیک کا سہارا لیا جائے گا اور طلبہ کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے مدرسہ بورڈ مزید کئی سطح پر کام کی شروعات کرے گا ۔

First published: Apr 17, 2020 09:40 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading