مونگیر : بہار کے مونگیر میں طیاروں کی نقل و حرکت کے لئے 8 کروڑ کی لاگت سے تعمیر رن وے سیکورٹی کی غیر موجودگی کی و جہ سے بچوں کے لئے کھیلنے کا میدان بن گیا ہے ۔ اس کے علاوہ یہ مویشیوں کی چراگاہ بھی بن گیا ہے ۔ مونگیر میں اس رن وے کا افتتاح وزیر اعلی نتیش کمار نے کیا تھا ۔ تاہم ابھی تک رن وے کے گرد چہاردیواری کی تعمیر بھی نہیں ہو سکی ہے ۔ 8 کروڑ کی لاگت سے تعمیر اس رن وے پر بچے کرکٹ سے لے کر فٹ بال تک کھیلتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ جانوروں کے علاوہ لوگ اس رن وے پر گاڑیاں بھی چلاتے ہیں ۔
مونگیر پہنچے بی جے پی کے ریاستی نائب صدر متھلیش تیواری کا کہنا ہے کہ یہ ریاستی حکومت کی لاپرواہی کی مثال ہے کہ اتنے پیسے خرچ کرنے کا بعد بھی ہوائی اڈے کو چراگاہ بننے کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے 8 کروڑ خرچ کر کے پرانے رن وے کی مرمت اور جہاز کے اترنے کے قابل بنایا ، تاکہ مستقبل میں بڑے جہازوں کی لینڈنگ مونگیر میں ہو سکے اور گھریلو جہاز کی بھی پرواز شروع ہو سکے ۔
لیکن رن وے کی سیکورٹی کے لئے ضروری چہاردیواری تعمیر نہ ہونے سے رن وے کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے ۔ ادھر جب ضلع مجسٹریٹ سے اس بابت سوال پوچھا گیا ، تو انہوں نے بھی تسلیم کیا کہ چہاردیواری کی غیر موجودگی میں ہوائی اڈے کی ایسی صورت حال ہے ۔ اس کیلئے ریاستی حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور جلد ہی چہاردیواری کی تعمیر کر کے ہوائی اڈے کو محفوظ کر دیا جائے گا ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔