ہوم » نیوز » مشرقی ہندوستان

این ڈی اے میں اختلاف، یوگی حکومت سے ناراض مکیش سہنی نے بہار میں این ڈی اے کی میٹنگ کا کیا بائیکاٹ

وی آئی پی کے قومی صدر اور بہار کے مویشی پروری کے وزیر مکیش سہنی نے آج وزیراعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی طرف سے منعقدہ میٹنگ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اترپردیش کی یوگی حکومت پر تنقید کی ہے۔

  • UNI
  • Last Updated: Jul 26, 2021 11:35 PM IST
  • Share this:
این ڈی اے میں اختلاف، یوگی حکومت سے ناراض مکیش سہنی نے بہار میں این ڈی اے کی میٹنگ کا کیا بائیکاٹ
این ڈی اے میں اختلاف، یوگی حکومت سے ناراض مکیش سہنی نے بہار میں این ڈی اے کی میٹنگ کا کیا بائیکاٹ

پٹنہ: بیہڑ کے جنگلات سے پارلیمنٹ تک پہنچنے والی ڈاکو سرغنہ پھولن دیوی کی اتر پردیش میں مورتی لگانے کی اجازت نہیں ملنے سے ناراض وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے قومی صدر اور بہار کے مویشی پروری کے وزیر مکیش سہنی نے آج وزیراعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی ہوئی میٹنگ کا بائیکاٹ کیا۔

اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کے بعد ریاستی وزیر مکیش سہنی نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ ”وزیراعظم کی سوچ ہے سب کا ساتھ، سب کا وکاس، لیکن وہ اتر پردیش میں نہیں دکھا۔ یوگی جی نے غلط کیا ہے۔ اس وجہ سے میں این ڈی اے کی میٹنگ کا بائیکاٹ کر رہا ہوں۔ این ڈی اے میں ہیں تو سب کی بات سننی چاہئے۔” انہوں نے کہا کہ بہار میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں حکومت چل رہی ہے، وہ حکومت کے ساتھ ہیں۔

غورطلب ہے کہ 243 رکنی بہار اسمبلی میں حکومت بنانے کیلئے کسی بھی پارٹی یا اتحاد کو 122 اراکین اسمبلی کی حمایت کی ضرورت ہے۔ بی جے پی کے 74 اور جنتادل یونائٹیڈ کے 43 اراکین اسمبلی کوجوڑنے کے باوجود یہ تعداد پانچ کم رہ جاتی ہے۔ ایسے میں نتیش کمار کی قیادت والی اتحاد کو حکومت بنائے رکھنے کیلئے 4-4 اراکین والی وی آئی پی اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کو نظر انداز کرنا آسان نہیں ہے۔

اسی وجہ سے ہم اور وی آئی پی بی جے پی اور جے ڈی یو پر دباﺅ بنانے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی ہے۔ اتر پردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کو دیکھتے ہوئے وی آئی پی نے سابق رکن پارلیمنٹ پھولن دیوی کی 20ویں برسی کے موقع پر اتر پردیش کے 18 اضلاع میں مجسمہ لگانے کا اعلان کیا تھا، لیکن پولیس نے ماحول خراب ہونے کے اندیشے کو دیکھتے ہوئے ان مجسموں کو ضبط کرلیا اور اتوار کو مکیش سہنی کو اتر پردیش میں داخل نہیں ہونے دیا۔ اسی وجہ سے مکیش سہنی ناراض ہیں۔

بہار قانون ساز اسمبلی کے پیر سے شروع ہوئے مانسون سیشن میں حزب اقتدار کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی این ڈی اے کی میٹنگ میں مکیش سہنی کو چھوڑ کر اتحاد کی دیگر حلیف جماعتیں جے ڈی یو، بی جے پی اور ہندوستانی عوام مورچہ شامل ہوئیں۔

Published by: Nisar Ahmad
First published: Jul 26, 2021 11:30 PM IST