ہوم » نیوز » مشرقی ہندوستان

نتیش کمار کو پھر سے وزیر اعلیٰ بنانے کیلئے مسلم لیڈران مانگ رہے ہیں دعا ، مزار پر دی حاضری

جے ڈی یو کا دعویٰ ہے کہ صوبہ کے عوام نے نتیش کے کام پر ووٹ دیا ہے اور ووٹروں کی خاموشی ایگزٹ پولس کے اندازہ کو غلط قرار دے گی ، لیکن یہ سچ ثابت ہوگا اس بات کو سیاسی تجزیہ کار نہیں مانتے ہیں ۔

  • Share this:
نتیش کمار کو پھر سے وزیر اعلیٰ بنانے کیلئے مسلم لیڈران مانگ رہے ہیں دعا ، مزار  پر دی حاضری
نتیش کمار کو پھر سے وزیر اعلیٰ بنانے کیلئے مسلم لیڈران مانگ رہے ہیں دعا ، مزار پر دی حاضری

بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج ایگزٹ پولس میں این ڈی اے کے مخالف ہیں ۔ دس نومبر یعنی کل معلوم ہوگا کی بہار کے عوام نے کس کو صوبہ کا اقتدار سونپا ہے ، لیکن ایگزٹ پولس کے سروے نے این ڈی اے کی نیند اڑا دی ہے ۔ وکاس پروش اور سوشاسن کے نام سے اپنی منفرد شناخت بنانے والے نتیش کمار ابھی بھی پر امید ہیں کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج ان کے مطابق آئیں گے ۔ جے ڈی یو کا دعویٰ ہے کہ صوبہ کے عوام نے نتیش کے کام پر ووٹ دیا ہے اور ووٹروں کی خاموشی ایگزٹ پولس کے اندازہ کو غلط قرار دے گی ، لیکن یہ سچ ثابت ہوگا اس بات کو سیاسی تجزیہ کار نہیں مانتے ہیں ۔


جانکاروں کے مطابق بہار میں روزگار کا ایشو ٹرینڈ کررہا تھا اور بہار واپس لوٹے مزدوروں نے حکومت کے خلاف ایک الگ ماحول قائم کیا تھا ، جس کے اثرات کل کے نتائج میں دیکھنے کو ملیں گے ۔ ادھر عظیم اتحاد کی پارٹیاں خوش ہیں ۔ کئی لیڈروں کے گھر جشن کی تیاری چل رہی ہے ۔ حالانکہ وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے امیدوار تیجسوی پرساد یادو نے ہدایت دی ہے کہ نتائج خواہ جو بھی آئیں ، کسی طرح کا جشن ، جلوس اور ہنگامہ نہیں ہونا چاہئے ۔ ان سب کے درمیان جے ڈی یو کے مسلم لیڈران پٹنہ ہائی کورٹ مزار پر پہنچے اور نتیش کمار کے لئے باقاعدہ دعا کی۔


واضح رہے کہ انتخابی تشہیر ختم ہونے کے بعد پٹنہ ہائی کورٹ مزار پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی پہنچے تھے اور اپنی کامیابی کی دعا کی تھی ۔ جے ڈی یو اقلیتی سیل کے نائب صدر محمد عظیم کا کہنا ہے کہ نتیش کمار ہی وزیر اعلیٰ ہوں گے ۔ عظیم کے مطابق بہار کی ترقی کے لئے نتیش کمار سے بہتر کوئی شخصیت نہیں ہے ۔ اب دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ نتائج کیا آتے ہیں اور جے ڈی یو کے لیڈروں کی امیدیں کتنی پوری ہوتی ہیں ۔


ادھر آر جے ڈی کے سنیئر لیڈر تنویر حسن کا کہنا ہے کہ تیجسوی یادو نے ایک ہی ایشو پر انتخاب لڑا ہے ۔ وہ اپنے ایشو سے بھٹکے نہیں ہیں ۔ تنویر حسن کا کہنا ہے کہ صوبہ میں اب عام لوگوں کی حکومت قائم ہونے جارہی ہے ۔ نئی حکومت لوگوں کی امیدوں پر کھرا اترنے کے ساتھ ساتھ اپنے وعدوں کو زمین پر اتارنے کی کوشش کرے گی ۔ روزگار کے مواقع قائم ہوں گے اور بے روزگاروں کے مسئلہ کو حل کرنا نئی حکومت کا پہلا ایجنڈا ہوگا ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Nov 09, 2020 08:31 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading