ہوم » نیوز » مشرقی ہندوستان

نتیش کمار کے علاوہ یہ 8 چہرے آج لے سکتے ہیں وزیر کے عہدہ کا حلف ، راج بھون بھیجی گئی فہرست

Bihar New Cabinet : نائب وزیر اعلی کے نام پر ابھی تذبذب برقرار ہے ۔ اس مرتبہ تارکشور پرساد کو لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر اور نونیا سماج سے تعلق رکھنے والی رینو دیوی کو ڈپٹی لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔

  • Share this:
نتیش کمار کے علاوہ یہ 8 چہرے آج لے سکتے ہیں وزیر کے عہدہ کا حلف ، راج بھون بھیجی گئی فہرست
نتیش کمار کے علاوہ یہ 8 چہرے آج لے سکتے ہیں وزیر کے عہدہ کا حلف، راج بھون بھیجی گئی فہرست

بہار میں نتیش کمار پیر کو ایک مرتبہ پھر سے وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیں گے ۔ پیر کو پٹنہ میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں نتیش کمار کے علاہ آٹھ ممبران اسمبلی کے بطور وزیر حلف لینے کی بات کہی جارہی ہے ۔ ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق بی جے پی اور جے ڈی یو سے تین تین ممبران اسمبلی وزیر بنیں گے جبکہ وی آئی پی اور ہم سے ایک ایک ممبر اسمبلی وزیر بنائے جائیں گے ۔


حلف برداری کی تقریب پٹنہ میں واقع راج بھون میں منعقد ہوگی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق نتیش کمار کے علاوہ جے ڈی یو سے بجیندر پرساد یادو ، وی آئی پی سے مکیش ساہنی ، ہم سربراہ جیتن رام مانجھی کے بیٹے اور ایم ایل سی ڈاکٹر سنتوش سمن کے وزیر کے عہدہ کا حلف لینا طے ہے ۔ بی جے پی سے تارکشور پرساد اور رینو دیوی کا بھی حلف لینا طے ہے ۔ ان کے علاوہ پریم کمار ، منگل پانڈے کا بھی حلف لینا طے مانا جارہا ہے ۔ جے ڈی یو سے نریندر نارائن یادو ، شرون کمار ، مہیشور ہزاری بھی پیر کو ہی وزیر کے عہدہ کا حلف لے سکتے ہیں ۔


حلف برداری تقریب کے بعد مستقبل قریب میں ہی نتیش کابینہ میں توسیع ہوگی ۔ ابھی تک جو جانکاری مل رہی ہے ، اس کے مطابق بہار کی نتیش کابینہ میں کل 36 وزرا ہوسکتے ہیں ۔ ممبران اسمبلی کی تعداد کے اعتبار سے بی جے پی کوٹہ سے تقریبا 20 ، وہیں جے ڈی یو کوٹہ سے وزیر اعلی سمیت 14 وزرا ہونے تقربیا طے ہیں جبکہ نتیش کابینہ میں وی آئی پی اور ہم کوٹے سے ایک ایک وزیر بنائے جائیں گے ۔ اس مرتبہ کی نتیش حکومت میں پچھلی سرکار کے کئی وزرا دوبارہ شامل نہیں ہوں گے ۔


خیال رہے کہ بہار اسبملی انتخابات میں جے ڈی یو کو بی جے پی کے مقابلہ میں 31 سیٹیں کم آئی ہیں ۔ بی جے پی نے 74 سیٹیں اور جے ڈی یو نے 43 سیٹیں جیتی ہیں ۔ اس کے باوجود بی جے پی نے نتیش کمار کو ہی وزیر اعلی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پیر کو ہونے والی حلف برداری کی تقریب کو لے کر ممکنہ وزرا کی فہرست راج بھون بھیج دی گئی ہے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Nov 16, 2020 10:01 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading