بہار میں افطار پارٹی کے بہانے سیاست لگاتار جاری ہے ۔ سابق وزیر اعلی جتن رام مانجھی کی افطار پارٹی میں جب وزیر اعلی نتیش کمار پہنچے تو انہوں نے آگے بڑھ کر مانجھی کو گلا لگا لیا ۔ اس دوران مانجھی نے بھی آگے بڑھ کر وزیر اعلی نتیش کمار کو ٹوپی پہنائی ۔
غور طلب ہے کہ اتوار کو جے ڈی یو کی افطار پارٹی میں جتن رام مانجھی اچانک پہنچ گئے تھے ۔ پٹنہ کے حج بھون میں منعقدہ افطار پارٹی میں جیسے ہی مانجھی پہنچے تو وزیر اعلی نتیش کمار نے گرمجوشی سے ہاتھ ملایا اور ان کا استقبال کیا ۔ طویل عرصہ کے بعد دونوں لیڈروں کی اس انداز میں ہوئی ملاقات کے سیاسی معنی نکالے جانے لگے ہیں ۔
اس کے بعد آج کی ملاقات بھی اس سیاسی کہانی کو ٹویسٹ دے رہی ہیں ۔ بتادیں کہ مرکزی کابینہ تنازع کو لے کر بہار کی سیاست کافی تیزی سے بدل رہی ہے ۔ نہ صرف سلسلہ وار طریقے سے بیان آرہے ہیں بلکہ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے ۔ اس سلسلہ میں دو دنوں کے اندر مانجھی اور نتیش کمار کی دومرتبہ ملاقات کو لے کر قیاس آرائی کا بازار گرم ہوگیا ہے ۔

بتادیں کہ مانجھی کی رہائش گاہ پر منعقدہ افطار پارٹی میں کئی مخالف پارٹیوں کے لیڈروں نے شرکت کی ۔ ان میں بہار کی سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی اور لالو یادو کے بیٹے تیج پرتاپ یادو بھی شامل رہے ۔ حالانکہ وزیر اعلی نتیش کمار کے آنے سے پہلے ہی رابڑی دیوی چلی گئیں ۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعلی نتیش کمار کے مہا گٹھ بندھن میں واپسی پر مثبت رخ اختیار کیا اور کہا کہ نتیش کمار کا آنا مہاگٹھ بندھن طے کرے گا ۔

مانجھی کی افطار پارٹی میں اسمبلی اسپیکر وجے چودھری ، کانگریس لیڈر مدن موہن جھا ، کوکب قادری ، بھائی وریندر ، شیوانند تیواری سمیت متعدد لیڈران نے شرکت کی ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔