سیمانچل میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر معروف شاعرعمران پرتاپ گڑھی کا چھلک پڑا درد ، مولانااسرارالحق قاسمی کا جذبہ قابل تقلید
file photo
معروف شاعر اورسماجی کارکن عمران پرتاپ گڑھی نے سیمانچل کے بدترین سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کیا اور علاقے کے ممبر پارلیمنٹ و معروف عالم دین مولانااسرارلحق قاسمی کی نگرانی میں متاثرین کے بیچ ریلیف و امدادتقسیم کی۔
کشن گنج: معروف شاعر اورسماجی کارکن عمران پرتاپ گڑھی نے سیمانچل کے بدترین سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کیا اور علاقے کے ممبر پارلیمنٹ و معروف عالم دین مولانااسرارلحق قاسمی کی نگرانی میں متاثرین کے بیچ ریلیف و امدادتقسیم کی۔ انھوں نے ملک کے تمام لوگوں سے اپیل بھی کی کہ وہ متاثرین کی امداد کے لئے آگے آئیں۔ انھوں نے مولاناقاسمی کے جذبے کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ایسے وقت میں جبکہ مرکز وبہارکی حکومتیں بھی سیمانچل کے سیلاب زدگان پر خاطر خواہ دھیان نہیں دے رہی ہیں، مولاناقاسمی خود تمام علاقوں میں جاکر لوگوں تک راحت اشیا پہنچا رہے ہیں اور ان کی امداد کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ سیمانچل کے قیامت خیزسیلاب کے نتیجے میں مواصلاتی ذرائع ناکارہ ہو گئے ہیں ،سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں اور ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنادشوارہوچکاہے ،حتی کہ موبائل فون کے ذریعہ بھی رابطہ ممکن نہیں ہے،ایسے سنگین حالات میں مولاناقاسمی جس طرح رات دن ایک کرکے اپنی عمر اور صحت کی پرواہ کیے بغیرکہیں موٹرسائیکل سے،کہیں آٹورکشہ سے اور بہت سے مقامات پرپانی اورکیچڑمیں پیدل چل کر متاثرین کے پاس پہنچ کر نہ صرف ان کی دادرسی کر رہے ہیں بلکہ ان کی مشکلات دور کرنیکی بھی کوشش کر رہے ہیں،اس سے ہم جیسے نوجوانوں کو حوصلہ ملتاہے اور کام کرنے کی ہمت پیداہوتی ہے۔ انھوں نے مولاناکے جذبۂ خدمت کا خاص طورپر ذکرکیا اور کہا کہ میں یہ دیکھ کرمیں بیحد متاثرہواکہ مولانامحترم رات کے ڈھائی تین بجے تک عوام کے درمیان رہ کر ان کی پریشانیوں اور مشکلات کودورکرنے کی تدبیر کررہے ہیں۔عمران پرتاپ گڑھی نے کہاکہ آج کے وقت میں ہندوستان کوایسے ہی قائد اور رہنماکی ضرورت ہے جو عوام کے دکھ دردکے وقت ان کے غم میں شریک ہواوران کی پریشانیوں کودورکرنے کی ہرممکن تدبیر کرے۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔