مغربی بنگال : سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی صحتیابی کیلئے بیربھوم میں پوجا شروع
Prayers for recovery of Pranab Mukherjee : بنگال کے بیر بھوم ضلع کا حال بالکل الگ ہے ۔ یہاں ہر گھر میں خواہ وہ کسی بھی طبقہ و فرقہ سے تعلق رکھتا ہو ، پرنب مکھرجی کے لٸے دعائیں مانگی جارہی ہیں ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Aug 12, 2020 11:04 PM IST

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی ۔ فائل فوٹو ۔ پی ٹی آئی ۔
سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی بیماری کی خبر عام ہوتے ہی ملک بھر کے لوگوں نے بے چینی و پریشانی کا اظہار کیا ہے ۔ ان کی صحتابی کی دعائیں مانگی جارہی ہیں ۔ لیکن بنگال کے بیر بھوم ضلع کا حال بالکل الگ ہے ۔ یہاں ہر گھر میں خواہ وہ کسی بھی طبقہ و فرقہ سے تعلق رکھتا ہو ، پرنب مکھرجی کے لٸے دعائیں مانگی جارہی ہیں ۔ پورا علاقہ غم میں ڈوبا ہے ۔ بیربھوم کے میراتی گاوں میں گزشتہ کل سے 72 گھنٹوں کی پوجا شروع کی گٸی ہے اور پرنب مکھرجی کی صحت یابی کیلئے دعایٸں مانگی جارہی ہیں ۔
سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کا تعلق بنگال کے بربھوم ضلع کے میراتی گاوں سے ہے ۔ ان کی پیدائش11 دسمبر 1935 کو اسی گاوں میں ہوئی تھی ۔ ان کے والد کمادا کنکر مکھرجی مجاہد آزادی اور کانگریس لیڈر تھے ۔ سابق صدر جمہوریہ درگا پوجا کے موقع پر اپنے آبائی گاوں ضرور جاتے ہیں اور پوجا کی رسوم بذات خود بنگالی روایات کے مطابق ادا کرتے ہیں ۔
پیر کو سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کا نئی دہلی میں واقع آرمی ریسرچ اینڈ ریفریل اسپتال میں دماغ کا آپریشن ہوا تھا ۔ آپریشن کے بعد سے ہی ان کی حالت نازک ہے ۔ اسپتال کی جانب سے جاری ہیلتھ بلیٹن میں کہا گیا ہے کے پرنب مکھرجی کی حالت بدستور نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے ۔ جبکہ آج صبح سابق صدر جمہوریہ کے بیٹے سابق ممبر پارلیمنٹ و کانگریس لیڈر ابھیجیت مکھرجی نے ٹویٹر پر لکھا کہ میں اپنے والد کی جلد صحتیابی کا متمنی ہوں ۔ میری ملک کے تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ میرے والد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں ۔

پرنب مکھرجی کی بیٹی شرمیشٹھا مکھرجی نے بھی جذباتی ٹویٹ کیا ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق صدر جمہوریہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے خود لکھا تھا کہ وہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں ، اس لئے گزشتہ ایک ہفتہ میں جو بھی ان سے رابطے میں آئے ہیں ، وہ آئیسولیٹ ہوجائیں ۔ پرنب مکھرجی کی بیماری خبر آنے کے بعد وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ”پرنب دا کی بیماری خبر سن کر وہ تشویش میں ہیں اور دعا کرتی ہیں کہ وہ جلد سے جلد صحت یاب ہوں اور وہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں ۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے بھی ٹویٹ کرکے سابق صدر کی صحت یابی کیلئے نیک تمنائیں پیش کی ہیں ۔