بھوپال کی تاریخی شاہجہانی عیدگاہ کی خستہ حالی اور جرائم پیشہ عناصر کو ہٹانے کیلئے سماجی تنظیموں نے شروع کی تحریک
بھوپال کی تاریخی شاہجہانی عیدگاہ کی خستہ حالی اور جرائم پیشہ عناصر کو وہاں سے ہٹانے کو لیکر سماجی تنظیموں نے اپنی تحریک شروع کردی ہے ۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Jan 07, 2021 05:34 PM IST

بھوپال کی تاریخی شاہجہانی عیدگاہ کی خستہ حالی اور جرائم پیشہ عناصر کو وہاں سے ہٹانے کو لیکر سماجی تنظیموں نے اپنی تحریک شروع کردی ہے ۔
مغل شہنشاہوں میں تاریخی عمارتوں کی تعمیر کے لئے جو مقام بادشاہ شاہجہاں کو حاصل تھا نوابین بھوپال میں وہی مقام بھوپا ل کی تیسری خاتون فرمانرا نواب شاہجہاں بیگم کو حاصل تھا۔ بھوپال میں ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد کی تعمیر ہویا پھر بینظیر پیلس،تاج محل ،گول گھر ،پری بازار کی بات ہو یا پھر ایشیا کی بڑی عیدگاہ کی تعمیر سب نواب شاہجہاں کے ہاتھوں ہی عمل میں آئیں ہیں۔ بھوپال کی تاریخی عید گاہ کا شمار ایشیا کی بڑی عیدگاہ میں ضرور کیاجاتا ہے جس میں بیک وقت ایک لاکھ دس ہزار فرزندان توحید عیدین کے موقعہ پر نماز ادا کرتے ہیں مگر ان دنوں تاریخی شاہجہانی عیدگاہ نہ صرف خستہ حالی کا شکار ہے بلکہ اس کے برجوں میں جرائم پیشہ عناصر اور نشہ خوروں کا ہمہ وقت ڈیرا رہتا ہے۔
بھوپال کی تاریخی شاہجہانی عیدگاہ کی خستہ حالی اور جرائم پیشہ عناصر کو وہاں سے ہٹانے کو لیکر سماجی تنظیموں نے اپنی تحریک شروع کردی ہے ۔ سماجی تنظیموں نے عیدگاہ کی صفائی،نشہ خوروں اور جرائم پیشہ عناصر و ہاں سے ہٹانے کے ساتھ عیدگاہ کے تقدس کی بحالی کو لیکر مہم شروع کردی ہے۔ مدھیہ پردیش جمعیت علما،سدبھاؤنا منچ اور ایم پی جمعیت علما نے اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وقف بورڈ اور متولی کمیٹی اوقاف عامہ کو میمورنڈم بھی پیش کیا ہے۔
مدھیہ پردیش جمیعت علما بھوپال یونٹ کے صدر محمد عمران کہتے ہیں کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ وقف بورڈ اور اوقاف عامہ کے ہونے کے بعد تاریخی عیدگاہ شکستہ ہوتی جا رہی ہے ۔ یہی نہیں سالوں سے عیدگاہ کی صفائی نہیں ہونے کے سبب جہاں بڑی بڑی گھاسیں اگ آئی ہیں وہیں جرائم پیشہ عناصر اس کے برجوں میں بیٹھ کر غلط کام کرتے ہیں جس سے عیدگاہ کا تقدس پامال ہو رہا ہے ۔ ہم نے عیدگاہ کے معاملے کو لیکر وقف بورڈ کو میمورنڈم بھی پیش کیا ہے تاکہ اس کی خستہ حالی کو دور کرنے کے ساتھ نشہ خوروں اور جرائم پیشہ عناصر کو یہاں سے ہٹایا جاسکے اور یہاں پر سی سی ٹی وی کیمرہ لگا کر اس کی حفاظت کے لئے قدم اٹھایا جا سکے ۔
