کولکاتہ کی یہ نواب فيملی بھی روایتی انداز میں مناتی ہے روشنی کا تہوار دیوالی
کورونا بحران کے پیش نظر امسال دیوالی کا اہتمام محدود طریقے سے کیا جارہا ہے ۔ مرزا فیملی کی جانب سے بھی لوگوں کو آتش بازی سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Nov 13, 2020 11:55 PM IST

کولکاتہ کی یہ نواب فيملی بھی روایتی انداز میں مناتی ہے روشنی کا تہوار دیوالی
ملک بھر میں دیوانی کے جشن کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں ۔ روشنی کے اس تہوار میں شہر بھر کو قمقموں سے سجایا جاتا ہے ۔ رنگ برنگی روشنیوں سے شہر جگمگا اٹھتا ہے ، لوگ دیوالی کا استقبال بھی دیا جلا کر کرتے ہیں ۔ کولکاتہ شہر میں بھی دیوالی دھوم دھام سے منائی جاتی ہے ۔ دیوالی کے موقع پر کیا ہندو کیا مسلمان ، ہر کوئی اس تہوار کے موقع پر جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔ ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلا کر دیوالی کی مبارکباد دیتے ہیں ۔ لوگ مختلف طریقے سے اپنے روایتی انداز میں دیوالی کا تہوار مناتے ہیں ۔
کولکاتہ میں مقیم واجد علی شاہ فیملی کا بھی کچھ یہی حال ہے ۔ واجد علی شاہ فیملی کے لوگ روایتی انداز میں اپنے گھروں میں دیے جلا کر دیوالی کا جشن مناتے ہیں ۔ واجد علی شاہ کے پوتے آصف علی مرزا کے مطابق ان کے خاندان کے لوگ دیوالی منانے کی روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ ان کے مطابق نواب واجد علی شاہ اپنی رعایا میں کافی مقبول تھے ۔ وہ رعایا کا خیال رکھتے، ان کی خوشیوں میں شریک ہوتے ، ایسے میں عید کی طرح دیوالی کا جشن بھی منایا جاتا تھا اور دیوالی کا اہتمام واجد علی شاہ کے محل میں بھی خاص ہوتا تھا ۔ اس روایت کو کولکاتہ میں بھی برقرار رکھا گیا ۔ جب انگریزوں نے واجد علی شاہ کو کولکاتہ میں نظر بند کیا ۔ اس وقت ان کے ساتھ آنے والوں میں ہندو و مسلمان دونوں فرقے کے لوگ شامل تھے ، جنہوں نے کولکاتہ کے جنگل نما مٹیابرج علاقہ میں نواب واجد علی شاہ کے ساتھ سکونت اختیار کی ۔

واجد علی شاہ فیملی کے لوگ روایتی انداز میں اپنے گھروں میں دیے جلا کر دیوالی کا جشن مناتے ہیں ۔
یہی وجہ ہے کہ واجد علی شاہ ہر تہوار کا اہتمام خاص طور پر کرتے تھے ، سب ہی ایک دوسرے کے تہواروں میں شریک ہوتے تھے ، دیوالی کے موقع پر محل میں چراغاں کیا جاتا تھا ، رنگولی بنائی جاتی تھی اور آج بھی ان کا خاندان اس روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ کولکاتہ میں مقیم واجد علی شاہ کی فیملی کی جانب سے دیوالی کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے ، لوگوں کو دیوالی کی مبارکباد دی جاتی ہے ، ساتھ ہی ساتھ ان کے گھروں میں بھی دیے جلائے جاتے ہیں ، رنگولی بنائی جاتی ہے ۔